امریکی فوج کی داعش کے ٹھکانوں پر بمباری جاری تیل کی 4 ریفائنریاں تباہ

اتحادی فوج نے ترک سرحدکے قریب شامی علاقے تل عبید کے قصبے کو کئی مرتبہ نشانہ بنایا۔

رقہ شہر میں داعش کی پلاسٹک فیکٹری کوبھی تباہ کردیاگیا،ایک شخص ہلاک،شمال مغربی علاقے میں بھی بمباری ہوئی۔ فوٹو: فائل

لاہور:
امریکا کی زیرنگرانی کام کرنے والی اتحادی فوج نے شام میں بمباری کرکے داعش کی 4 عارضی آئل ریفائنریوں کوتباہ کردیا جبکہ امریکی بمباری میں7 شہری جاں بحق اور15 زخمی ہوگئے، عراق میں بھی داعش کے 15 جنگجو مارے گئے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق عراق اورشام میں فعال داعش جنگجوئوں کے خلاف امریکی قیادت میں اتحادیوں کے فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ترک سرحدکے نزدیک شامی علاقے تل عبید کے قصبے کو پچھلی رات کئی مرتبہ نشانہ بنایا گیا۔ اسی قصبے میں اسلامک اسٹیٹ کی جانب سے عبوری انتظامات کے تحت قائم تیل صاف کرنے والی 4 ریفائنریوں کو تباہ کر دیا گیا۔


سیریئن آبزرویٹری برائے ہیومن رائٹس کے مطابق اسلامک اسٹیٹ کے جہادی ان عارضی ریفائنریوں میں تیل صاف کرکے ترک تاجروں کو فروخت کر کے تقریباً 3 ملین ڈالر یومیہ کما رہے تھے۔ اسی طرح اسلامک اسٹیٹ کے ہیڈکوارٹرز والے شہر رقہ کے قریب ایک پلاسٹک فیکٹری کوبھی تباہ کردیا گیا جس میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ شام کے شمال مغربی علاقے میں امریکی میزائل حملے میں 7 شہری جاں بحق اور 15 زخمی ہوئے۔

دیر الزور میں امریکی بمباری میں داعش کا ایک ٹینک بھی تباہ ہوگیا۔ شام میں حکومت کے خلاف برسر پیکار النصرہ گروپ نے امریکا کی جانب سے دولتِ اسلامیہ کے خلاف بمباری کی مذمت کرتے ہوئے اسے 'اسلام کے خلاف جنگ' قرار دیا ہے۔ القاعدہ سے منسلک النصرہ گروپ نے آن لائن پیغام میں دنیا میں تمام جہادیوں سے کہا ہے کہ وہ مغربی اور عرب ممالک کے اہداف کو نشانہ بنائیں۔

دوسری طرف عراق کے علاقے فلوجہ میں سرکاری فوج نے داعش کے جنگجوئوں کا حملہ پسپا کردیا۔ جھڑپ 5 گھنٹے تک جاری جس میں 15 جنگجو مارے گئے۔ عراقی فوج نے دارالحکومت بغداد کے شمال مشرق میں مقدادیہ ڈیم پر دوبارہ کنٹرول حاصل کر لیا۔ فلوجہ میں داعش کی 2 چیک پوسٹیں تباہ ہوگئیں۔
Load Next Story