عید فلمی دنگل

پاکستانی دو اردو، دوپنجابی اور چار پشتو فلمیں نمائش کیلئے تیار


Muhammad Javed Yousuf September 30, 2014
پاکستانی دو اردو، دوپنجابی اور چار پشتو فلمیں نمائش کیلئے تیار۔ فوٹو: فائل

عیدالفطر اور عیدالاضحی کے تہوار فلم والوں کے لئے بھی خاص اہمیت رکھتے ہیں، ہر فلمساز، ہدایتکار اور فنکار کی خواہش ہوتی ہے کہ عیدین پر ان کی فلمیں سینماؤں کی زینت بنیں۔

اس کے لئے فلمساز اور ہدایتکار پہلے سے ہی سینما ہالز بک کرلیتے کیونکہ عید کے قریب سرکٹ میں اچھے سینما ملنا ناممکن ہوجاتا، بعض اوقات تو اتنی فلمیں نمائش کے لئے تیار ہوتیں کہ ان کے لئے سینما کم پڑجاتے، اکثر فلموں کے فلمساز اور ہدایتکار ''عید فیسٹیول '' کا حصہ بننے کے لئے دستیاب کسی بھی سینما میں لگا دیتے۔

دوسری طرف اداکار اور اداکارائیں بھی عید پر فلم ریلیز ہونے پر مسرت کا اظہار کرتے، اپنے قریبی لوگوں کے لئے فلموں کی بزنس رپورٹ حاصل کرتے بلکہ خود بھی شو دیکھنے کے لئے سینمائوں میں پہنچ جاتے۔ دوسری طرف رائل پارک (فلم مارکیٹ) کی رونقیں بھی عروج پر ہوتیں جہاں عید پر ریلیز ہونے والی فلموں کی صورتحال سے آگاہ رہنے کے لئے فلمساز ، ہدایتکار ، رائٹر سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا ہجوم رہتا ، کیونکہ وہ ان فلموں کی باکس آفس رپورٹ کو دیکھنے کے بعد ہی آئندہ کے لائحہ عمل بناتے تھے ۔

اب صورتحال بالکل مختلف ہوچکی ہے، فلم انڈسٹری کے شدید بحران نے جہاں سٹوڈیوز اور سینمائوں کو ویران کردیا ، وہیں عید کی رونقیں بھی مانند ہوچکی ہیں ۔ چند سال قبل تک تو عیدین پر پاکستانی فلموں کی نمائش کا سلسلہ بھرپور انداز سے جاری رہا ،مگر اب یہ سلسلہ ختم ہوتا جارہا ہے۔ اس کا واضح ثبو ت عیدالضحی پر ریلیز ہونے والی پاکستانی فلموں سے ہی لگایا جاسکتا ہے ، صرف چار فلمیں ''آپریشن O21'' ، ''نامعلوم افراد''، ''عیاش'' اور ''ایہو کڑی لینی اے'' کا اعلان کیا گیا ہے۔

ان میں سے بھی کم ازکم دو فلموں کی نمائش نہ ہونے کے امکانات کو بھی رد نہیں کیا جاسکتا، کیونکہ ''عیاش'' جسے فلمساز راجہ شہزاد قمر نے معمر رانا، احمد بٹ ، شفقت چیمہ ، ببرک شاہ اور صائمہ خان کو لے کر عیدالفطر کے لئے بنایا تھا ، مگر بولڈ مناظر اور گانوں کی وجہ سے سنسر بورڈ نے فل بورڈ کرتے ہوئے عام نمائش کا سنسر سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا تھا۔ ''ایہو کڑی لینی اے'' بھی کئی سال پرانی فلم ہے جو ''کڑی چن ورگی '' کے نام سے شروع ہوئی تھی مگر اب نئے نام کے ساتھ عیدالاضحی پر نمائش کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے جس کے نمایاں فنکاروں میں شان، معمر رانا، صائمہ، ارباز خان شامل ہیں۔ فلم کے پروڈیوسر میجر (ر)خداداد چوہدری اورہدایتکار نعیم یوسف ہیں۔

''آپریشن O21'' کی پروڈیوسر زیبابختیار اور ان کا بیٹا اذان سمیع خان ہیں جس میں آمنہ شیخ ، شان ، ایوب کھوسو ، شمعون عباسی اہم کردار نبھا رہے ہیں۔ عید پر ریلیز ہونیوالی چوتھی فلم ''نامعلوم افراد '' ہے جس میں اداکار فہد مصطفی ، جاوید شیخ ، عروہ اور محسن عباس حیدر کے علاوہ مہوش حیات کا آئٹم سانگ بھی شامل ہے اس فلم کے ہدایتکار نبیل قریشی ہیں ۔ان فلموں کو بولی وڈ کی ''بینگ بینگ'' اور ''حیدر'' کا مقابلہ کرنا پڑے گا جو عید سے قبل دو اکتوبر کو سینمائوں کی زینت بن جائیں گئیں۔

''بینگ بینگ'' ہالی وڈ فلم ''نائٹ اینڈ ڈے'' کا ہندی ری میک ہے جس میں ٹام کروز اور کیمرون ڈیاز کے کردار ریتک روشن اور کترینہ کیف کر رہے ہیں۔ جس میں اداکار ڈینی ، جاوید جعفری ، جمی شرگل اور پون ملہوترا بھی اہم کرداروں کے ساتھ نظر آئیں گے۔فلم کے ڈائریکٹر سدھارتھ آنند اس سے قبل ''سلام نمستے '' ، ''تارا رم پم پم'' ، '' بچنا اے حسینو'' اور ''انجانا انجانی '' جیسی فلمیں بنا چکے ہیں ۔''حیدر'' وشال بھردواج کی پیشکش ہے جس کی تمام تر عکسبندی مقبوضہ جموں وکشمیر میں کی گئی ۔ اس میں اداکار شاہد کپور نے مرکزی کردار نبھایا ہے جبکہ عرفان خان ، تبو ، شردھا کپور، کے کے مینن بھی ہیں۔

علاقائی زبان پشتو کی چار فلمیں ''آئی مس یو '' ، '' تماشبین '' ،'' دائم ککے خان '' ، '' زوئے دا بدعملہ '' ریلیز ہورہی ہیں جن میں شاہد خان ، جہانگیر جانی ، دلبر منیر ، اربازخان ، صوبیہ خان ، آفرین ، چنبیلی، وردا سمیت دیگر اہم فنکار ہیں ۔پاکستانی فلموں کے پروڈیوسرز اور ہدایتکاروں کا کہنا ہے کہ فلمی بحران کے باوجود عید کے لئے بھرپور تیاریاں ہوتی تھیں مگر سینما مالکان کی طرف سے بولی وڈ فلموں کو ترجیح دینے کی وجہ سے کوئی بھی رسک لینے کو تیار نہیں ہورہا ، اگر سرکٹ میں اچھے سینما دستیاب ہوں تو پاکستانی فلمیں بننا شروع ہوجائیں۔ عید پر بولی وڈ فلموں کی نمائش پر پابندی نہ لگائی تو گنتی کی چند پاکستانی فلمیں بھی نہیں بنیں گئیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |