مہنگائی و معاشی بہتری کے بارے میں صارف کا اعتماد کم ہوگیا

موجودہ معاشی صورتحال کے ساتھ مستقبل کی توقعات سے بھی ناامیدی بڑھ گئی


Business Reporter/Kashif Hussain September 30, 2014
6 ماہ میں خوراک وتوانائی مہنگی ہونے کے خدشات میں اضافہ ہوگیا، سروے رپورٹ فوٹو: فائل

مہنگائی اور معاشی بہتری کے بارے میں صارفین کے اعتماد میں 2 ماہ کے دوران نمایاں کمی ہوئی ہے۔

آئی بی اے اور اسٹیٹ بینک کے اشتراک سے ہونے و الے صارف اعتماد سروے کے مطابق اگست ستمبر 2014 میں صارفین کے اعتماد میں 8.45 پوائنٹس (5.9 فیصد) کمی ہوئی ہے، کنزیومر کانفیڈنس انڈیکس (سی سی آئی) جولائی کی 142.26 پوائنٹس کی سطح سے کم ہو کر ستمبر میں 133.81 پوائنٹس پر آگیا۔ ستمبر 2014 کی سروے رپورٹ کے مطابق اگست اور ستمبر کے دوران صارفین میں نہ صرف موجودہ معاشی صورتحال بلکہ مستقبل کی توقعات کے لحاظ سے بھی ناامیدی میں اضافہ ہوا ہے۔

2 ماہ کے دوران سی ای سی میں 10.37 پوائنٹس جبکہ ای ای سی میں 6.76پوائنٹس کمی ہوئی، جولائی میں سی ای سی انڈیکس 150.39 پوائنٹس تھا جو ستمبر تک کم ہوکر 140.37پوائنٹس پر آگیا، اسی طرح ای ای سی انڈیکس 134.85 سے کم ہوکر 128.09پوائنٹس پر آگیا، صارفین میں آئندہ 6 ماہ کے دوران کھانے پینے کی اشیا، بجلی گیس پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کے خدشات میں بھی اضافہ ہوا، جولائی کے سروے میں 44.74 فیصد صارفین نے خوردنی اشیا کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا تھا، ستمبر میں 47.32 فیصد صارفین نے کھانے پینے کی اشیا مہنگی ہونے کا خدشہ ظاہر کیا۔

اسی طرح جولائی کے سروے میں 46.68 فیصد صارفین نے بجلی گیس اور پٹرولیم مصنوعات (توانائی) مہنگی ہونے کا خدشہ ظاہر کیا تھا جو ستمبر کے سروے میں بڑھ کر 48.18 فیصد تک پہنچ گیا تاہم روزمرہ استعمال کی دیگر اشیا کی قیمت میں اضافے کے خدشات 49.04فیصد کے مقابلے میں 47.96 فیصد رہے۔ سروے میں بے روزگاری، شرح سود، گزشتہ سال کے مقابلے میں آمدن کی موجودہ سطح، کنزیومر ڈیورایبل، کار اور مکان کی خریداری سمیت آئندہ 6 ماہ میں معاشی بہتری کے بارے میں بھی رائے جانی گئی جس میں روزگار کے حوالے سے جولائی میں پائی جانے والی 37.51 فیصد ناامیدی ستمبر میں بھی 37.54 فیصد پر برقرار رہی۔

شرح سود کے حوالے سے ناامیدی 16.39 فیصد سے بڑھ کر 18.95 فیصد ہوگئی، 21.27فیصد نے اپنی موجودہ آمدن کو گزشتہ سال سے بہتر قرار دیا، جولائی میں 18.58 فیصد نے اپنی آمدن کو بہتر قرار دیا تھا، آئندہ 6 ماہ میں کنزیومر ڈیورایبل اور کار کی خریداری کے حوالے سے بالترتیب 33.74 اور 35.72 فیصد صارفین نے نفی میں جواب دیا، مکان کی خریداری کے بارے میں 39.67 فیصد منفی رائے 37.16 فیصد پر آگئی، 15.66فیصد صارفین نے آئندہ 6 ماہ میں معاشی صورتحال بہتر ہونے کی امید ظاہر کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں