وسیم کے ہاتھوں حادثاتی طور پر 28 سیکنڈز میں حریف ناک آؤٹ

پاکستان کا1 امینز والی بال سائیڈ نے پلے آف میچ میں میانمار کو 3-0 سے شکست دیدی، ٹیبل ٹینس اور شوٹنگ میں ناقص کھیل۔۔۔

ایشین گیمز باکسنگ: 52 کے جی مینز کوارٹر فائنل میں پاکستانی محمد وسیم اور کرغزستان کے عزت یوسینالوف میں فائٹ کا ایک منظر۔ فوٹو : اے ایف پی

ایشین گیمز میں پاکستانی باکسر محمد وسیم نے حادثاتی طورپر صرف 28 سیکنڈز میں اپنے کرغزستانی حریف عزت یوسینالوف کو ناک آؤٹ کردیا، وہ خود کم از کم برانز میڈل کے حقدار بھی بن گئے۔

گذشتہ روز فلائی ویٹ مقابلے کا آغازہوتے ہی حادثاتی طور پر وسیم اور عزت آپس میں ٹکرا گئے، پاکستانی باکسر کا سر حریف کی آنکھ پر لگا جس سے خون جاری ہو گیا اور وہ مقابلہ جاری رکھنے کے قابل نہیں رہے، ریفری کے پاس بھی اس کے سواکوئی چارہ نہیں تھا کہ وہ وسیم کو ٹیکنیکل طور پر ناک آؤٹ فاتح قرار دے دیں۔ اب پاکستانی باکسر سیمی فائنل میں ازبکستان کے شیخوبی دین زوروف سے مقابلہ کریں گے،اگر ہار بھی گئے تب بھی برانز میڈل ہاتھ آئے گا۔


دریں اثنا ریسلنگ میں تمغوں کی پاکستانی امیدیں دم توڑنے لگیں، اسد بٹ نے کوارٹر فائنل میں ناکامی کے بعد ری پیچنگ میچ جیت کر برانز میڈل مقابلے میں رسائی حاصل کی لیکن پھرکورین حریف شنگکو لی سے 1 کے مقابلے میں 3 پوائنٹس سے شکست کھا بیٹھے۔ فری اسٹائل 86 کے جی ایونٹ میں محمد انعام کوارٹر فائنل میںقازقستان کے یسبولات سے ہار گئے، برانز میڈل کیلیے انھیں ری پیچنگ میچ میں ایک اور موقع ملا لیکن وہ اسے بھی کار آمد نہ بنا سکے اور ازبکستان کے امیڈجون اسمانووف سے زیر ہوگئے۔ مینز کبڈی میں پاکستانی فتوحات کا سلسلہ جاری ہے، پیر کو بنگلہ دیش کیخلاف 11 کے مقابلے میں 24 پوائنٹس سے فتح حاصل کرتے ہوئے سیمی فائنل میں رسائی کے ساتھ میڈل کا حصول بھی یقینی بنالیا، پہلے ہاف میں پاکستانی کھلاڑیوں نے 13 اور دوسرے میں 11 پوائنٹس حاصل کیے۔

ٹیبل ٹینس مکسڈ ڈبلز مقابلوں میں پاکستان دونوں میچز ہار گیا، سلیم عباس اور عائشہ اقبال انصاری کی جوڑی کو تھائی کھلاڑیوں نے زیر کیا،دوسرے میچ میں عاصم قریشی اور راحیلہ کاشف کے پیئر کو چائنیز تائپے کی جوڑی کے ہاتھوں شکست ہوئی۔ ویمنز ڈبلز میں پاکستان کو بھارت نے مات دی جبکہ سنگلز میں عائشہ اقبال کو منگولیا کی کھلاڑی نے زیر کرلیا۔ پاکستان کے محمد رمیز کو مکاؤ کے کھلاڑی پر واک اوور مل گیا۔ والی بال ایونٹ میں ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہونے کے بعد پاکستانی سائیڈ نے دوسرے پلے آف میچ میں میانمار کو 3-0 سے شکست دی، ٹیم نے ابتدائی گیم 25-21، دوسرا 25-22 اور تیسرا 25-23 سے جیتا۔

پاکستان کی جانب سے ایمل خان نے 17، ناصر خان نے 10، محب رسول نے 9 اور محمد ادریس نے 8 پوائنٹس حاصل کیے، مبشر رضا نے102 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز تیرین سروس کرائی۔ شوٹنگ اسکیٹ ون کوالیفکشن راؤنڈ ون میں پاکستانی عثمان چاند 39 شرکا میں 18 ویں اور خرم انعام 21 ویں نمبر پر رہے۔
Load Next Story