گڈاپ اور سرجانی میں انسداد پولیو مہم بدنظمی کا شکار معاوضہ نہ ملنے پر رضاکاروں کا احتجاج

سرجانی،گڈاپ، لانڈھی اور بلدیہ میں 3 روزہ انسداد پولیو مہم شروع، گڈاپ وسرجانی کے کئی علاقوں میں سیکیورٹی اہلکار نہ۔۔۔


Staff Reporter September 30, 2014
3 روزہ انسداد پولیو مہم کے آغاز پر رضاکار بچے کو حفاظتی خوراک پلارہا ہے۔ فوٹو : ایکسپریس

کراچی کے حساس علاقوں میں انسداد پولیو مہم مشکلات کا شکار ہوگئی، تحفظ نہ ملنے پرگڈاپ ٹاؤن کی کئی یونین کونسلوں میں پولیو مہم منگل تک ملتوی کردی گئی، معاوضہ نہ ملنے پر انسداد پولیو رضاکاروں نے احتجاج کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شہر کے حساس علاقوں سرجانی، گڈاپ، لانڈھی اور بلدیہ ٹاؤن میں 3 روزہ انسداد پولیومہم شروع ہوگئی، کئی علاقوں میں سیکیورٹی اہلکاروں کے بروقت نہ پہنچنے سے انسدادی مہم بدنظمی کا شکار رہی،گڈاپ اور سرجانی کے لیے پولیس ٹیمیں تشکیل نہیں دی جاسکیں جس پر ان علاقوں کی کئی یونین کونسلوں میں انسدادی مہم موخر کردی گئی، نارتھ کراچی میں انسداد پولیو رضاکاروں نے تحفظ اور معاوضے کی عدم ادائیگی پر احتجاج کیا ہے۔

3 روزہ قومی انسداد پولیو مہم ضلع وسطی کی تمام یونین کونسلوں میں بھرپور طریقے سے شروع کی گئی مہم کے دوران 5 سال سے کم عمر کے ساڑھے 3 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے اور وٹامن اے کی خوراک پلائی جائے گی، پیرکومہم کے پہلے روز ڈپٹی کمشنر وسطی ڈاکٹر سیف الرحمن نے بچوں کو قطرے پلاکرمہم کا افتتاح کیا، اس موقع پر انھوں نے بتایا کہ بچوں کو پولیو وائرس سے بچانے کی قومی مہم ضلع کی 42 یونین کونسلوں میں سخت سیکیورٹی میں شروع کی گئی ہے جو یکم اکتوبر تک جاری رہے گی۔

مہم کے دوران گلبرک ڈویژن میں 8 یونین کونسل میڈیکل آفیسر، 245 پولیو ٹیمیں اور 49ایریا انچارجز، نارتھ کراچی میں 13 یوسی میڈیکل آفیسرز، 343 پولیو ٹیمیں اور 68 ایریا انچارجز، نارتھ ناظم آباد میں 9 یو سی میڈیکل آفیسرز، 262 پولیو ٹیمیں اور 53 ایریا انچارجز، لیاقت آباد میں 11 یوسی میڈیکل آفیسرز، 277 پولیو ٹیمیں اور 55ایریا انچارجز حصہ لے رہے ہیں، مہم میں 1125 موبائل ٹیمیں بھی شریک ہوں گی، انھوں نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے 5 سال سے کم عمر تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلائیں۔

کراچی سمیت ملک بھر میں پولیو کے مزید 10 کیسز سامنے آگئے ہیں جس کے بعد ملک میں پولیوکیسز کی تعداد 184 ہوگئی ہے، وزارت صحت کے ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے گڈاپ ٹاؤن سے 2 ، فاٹا سے 6 اور خیبرپختونخوا سے پولیو کے 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد پولیو کیسز کی تعداد 184 ہوگئی، گڈاپ ٹاؤن کی یوسی 4 موسیٰ مارکیٹ کی ایک سالہ بچی اور گڈاپ ٹاؤن کی 25 ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد کراچی میں پولیو کیسز کی تعداد 16، اندرون سندھ سے ایک، فاٹا سے 127، پنجاب سے 2 اور بلوچستان سے 5 کیس رپورٹ ہوچکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں