سعودی حکام نے غیر قانونی طور پر آنے والے 98 ہزارعازمین کو ادائیگی حج سے روک دیا

سعودی حکام نے غیر قانونی طور پر پہنچنے والی 25 ہزار 216 گاڑیوں کو روک کر انہیں واپس کردیا

ہر سال بڑی تعداد میں عازمین قانونی ضابطوں کی ادائیگی کے بغیر لوگ حج کے لئے آتے ہیں، فوٹو: فائل

سعودی حکام نے بیرون ملک اور ملک کے مختلف حصوں سے آنے والے 98 ہزار غیر قانونی عازمین کو حج کی ادائیگی سے روک کر انہیں واپس بھجوادیا ہے۔


عرب ویب سائیٹ کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے جاری رپورٹ میں‌ کہا گیا ہے کہ ٹریفک پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ایام حج کے موقع پر حجاج کرام کی نگرانی، ان کی دیکھ بھال اور انہیں ہرممکن سہولت فراہم کرنے کے لئے چوکس ہیں، حجاج کرام کی سہولت کے لئے مسجد الحرام کے اطراف 2 ہزار 602 گاڑیوں کے کھڑے کرنے کا انتظام کیا گیا ہے۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو ملانے والی شاہراہوں پر ٹریفک رواں رکھنے کے لئے بھی بھرپور انتظامات کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ایمرجنسی پولیس اور ایمبولیس سروسز بھی عازمین حج کی سہولیات کے لئے ہمہ وقت مصروف ہیں۔

رپورٹ میں‌ کہا گیا ہے کہ پولیس اور دیگر ادارے کسی بھی غیرقانونی نقل وحرکت پر بھی گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ پولیس نے غیر قانونی طور پر پہنچنے والی مختلف اقسام کی 25 ہزار 216 گاڑیوں کو روک کر انہیں واپس کردیا ہے، ان گاڑیوں میں اندرون اور بیرون ملک سے آنے والے کم و بیش 98 ہزار عازمین سوار تھے جو اجازت نامے کے بغیر ادائیگی حج کے لئے پہنچے تھے، اس کے علاوہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر 85 گاڑیوں کو ضبط بھی کرلیا گیا ہے۔
Load Next Story