اسپیکرقومی اسمبلی نے جب شفاف الیکشن جیتا ہے تو وہ حکم امتناعی کے پیچھے کیوں چھپے ہیں عمران خان

پاک فوج سب کا مقابلہ کرسکتی ہے تو پھر ملک میں ڈرون حملوں کی کیا ضرورت ہے، چیرمین تحریک انصاف


ویب ڈیسک September 30, 2014
نوازشریف جہاں جائیں گے انہیں گو نواز گو کتے نعرے کا سامنا کرنا پڑے گا، عمران خان، فوٹو؛ فائل

چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ اسپیکرقومی اسمبلی ایاز صادق نے جب شفاف الیکشن جیتا ہے تو وہ حکم امتناعی کے پیچھے کیوں چھپے ہوئے ہیں۔

اسلام آباد میں ڈی چوک پر دھرنے کے 48 ویں روز شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ دنیا میں 48 دن کا دھرنا کسی نے نہیں دیکھا جبکہ لاہور کے جلسے سے ثابت ہوگیا کہ قوم جاگ گئی ہے اب کوئی اسے پھر سے نہیں سلا سکتا اور اب حکمرانوں کا ظلم ختم ہونے والا ہے، جمعرات کو میانوالی میں جلسہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے سوتے میں بھی ''گو نوازگو'' کی آواز آتی ہے میری یہ حالت ہے تو پھر نوازشریف کی کیا ہوگی جبکہ نوازشریف جہاں جائیں گے انہیں اسے نعرے کا سامنا کرنا پڑے گا۔

عمران خان نے کہا کہ 16 ماہ سے 4 حلقے کھلنے کا انتظار ہے، ایاز صادق نے جب شفاف الیکشن جیتا ہے تو وہ حکم امتناعی کے پیچھے کیوں چھپے ہوئے ہیں جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی اس طرح کتنی دیر تک چلیں گے آخر ایک روز سچ کو سامنے آنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے قرضے لینے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے اور جب کوئی قرض دیتا ہے تو قوم کو اپنا غلام بنا لیتا ہے کیونکہ کوئی مفت میں بھیک بھی نہیں دیتا اگر ہمیں قرضے لےکر اٹھنا ہوتا تو کب کے اٹھ چکے ہوتے جبکہ قرضے کی قیمت قوم مہنگائی کی صورت میں ادا کررہی ہے لیکن قوم کب تک قرضے پر چل سکتی ہے۔

چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ قرض دینے والے ہم سے اپنی منواتے ہیں اور ہم پر ڈرون حملے کرتے ہیں، ڈرون حملے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے ان حملوں سے قبائلی عوام پاک فوج اور امریکا کو ایک ہی سمجھتے ہیں جبکہ پاک فوج سب کا مقابلہ کرسکتی ہے تو پھر ملک میں ڈرون حملوں کی کیا ضرورت ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔