ایشین گیمز کبڈی بھارتی داؤ پیچ پاکستانی ٹیم کو سمجھ نہ آسکے

بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا،والی بال سائیڈکو چائینز تائپے نے مات دے دی، باکسر ثنا اللہ کوارٹرفائنل میں ہمت ہار گئے


Sports Desk October 01, 2014
رگبی اسکواڈ دونوں مقابلوں میں ناکام،ٹیبل ٹینس میں جاپان نے آؤٹ کلاس کردیا، شوٹنگ میں عثمان اورخرم کا ناقص کھیل ۔ فوٹو : اے ایف پی

ASHGABAT: ایشین گیمز کبڈی میں روایتی حریف بھارت کے داؤ پیچ پاکستانی ٹیم کو سمجھ نہ آ سکے اور بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

والی بال سائیڈکو چائینز تائپے نے مات دیدی، باکسر ثنا اللہ کوارٹرفائنل میں ہمت ہار گئے ، رگبی اسکواڈ ابتدائی دونوں مقابلوں میں ناکام رہا، ٹیبل ٹینس مینزڈبلز ایونٹ میں جاپان نے پاکستانی جوڑی کو آؤٹ کلاس کردیا۔ شوٹنگ کوالیفکیشن راؤنڈ میں عثمان چاند 14 اور خرم انعام 23 ویں نمبر پر رہے۔ تفصیلات کے مطابق ایشین گیمز کے 11 ویں روز کبڈی ایونٹ کے آخری لیگ میچ میں روایتی حریف بھارت نے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 11-23 سے آؤٹ کلاس کر دیا، اس فتح کی بدولت اسے گروپ اے میں ٹاپ پوزیشن مل گئی،میچ کے آغازپردونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کا جوش وخروش عروج پرتھا، بھارت نے پہلے ہاف میں شاندارکھیل پیش کرتے ہوئے 17 پوائنٹس اسکورکیے جبکہ پاکستان کوصرف 4پوائنٹس بنانے کا موقع ملا۔

دوسرے ہاف میں سخت مقابلہ ہوا، پاکستان نے قدرے بہترکھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 پوائنٹس بنائے جبکہ بھارت 6 پوائنٹس اسکورکرسکا، پاکستانی ٹیم نے میچ میں 3 جبکہ بھارت نے 4 بونس پوائنٹس حاصل کیے، بھارت نے 23-11 کے مجموعی اسکورکے ساتھ گروپ میں مسلسل تیسری کامیابی پائی، پاک بھارت ٹیمیں پہلے ہی سیمی فائنل میں جگہ بنا چکی ہیں، مقابلے جمعرات کو ہوں گے۔ والی بال ایونٹ میں پاکستانی ٹیم 9 پوزیشن کے سیمی فائنل میں چائنیز تائپے کے مقابل آئی لیکن یکطرفہ مقابلے میں 0-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، فاتح ٹیم نے پہلا گیم 25-19 سے اپنے نام کیا، دوسرے میں 26-24 سے کامیابی حاصل کی جبکہ تیسرا گیم ہی فیصلہ کن ثابت ہوا جس میں پاکستان کو 19-25 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، ٹیم بدھ کو11 ویں پوزیشن کیلیے سعودی عرب سے مقابلہ کریگی۔ باکسنگ مقابلوں میں محمد وسیم کی سیمی فائنل میں رسائی کے بعد ہیوی ویٹ 91 کے جی کیٹیگری میں ثنا اللہ سے میڈل کی امیدیں وابستہ تھیں لیکن وہ کوارٹر فائنل میں جنوبی کورین حریف نیمہیون پارک سے0-3 سے ہار گئے۔

رگبی ایونٹ کے پہلے روز پاکستانی ٹیم اپنے دونوں میچز میں ناکام رہی، پہلے ہانگ کانگ نے یکطرفہ مقابلے میں 72-0 سے آؤٹ کلاس کیا، دوسرے مقابلے میں چین نے بھی باآسانی 48-0 سے ہرا دیا، ٹیم بدھ کو اپنے آخری لیگ میچ میں فلپائن کے مقابل آئے گی۔ ٹیبل ٹینس کے مینز ڈبلز مقابلوں میں پاکستانی جوڑی کو جاپانی پیئر نے مکمل طور پر بے بس کردیا، عاصم قریشی اور سلیم عباس کو ابتدائی سیٹ میں 4-11، دوسرے میں 6-11 اور تیسرے میں 4-11 سے مات ہوئی۔مینز سنگلز کے ابتدائی مقابلوں میں محمد رمیز اور محمد عاصم قریشی بدھ کو ایکشن میں نظر آئیں گے۔ شوٹنگ کے مینز اسکیٹ کوالیفیکشن ٹو میں شریک 39 شوٹرز میں پاکستانی عثمان چاند 14اور خرم انعام23 ویں نمبر پر رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں