ہاکی ٹیم قوم کو دوہری خوشی دینے کے لیے بے تاب

کل بھارت کو ہراکر ٹائٹل فتح کے ساتھ اولمپکس کیلیے کوالیفائی کرنا چاہتے ہیں، کپتان


ورلڈ کپ سے دوری کا ازالہ کرنے کیلیے جان لڑا دیں گے، گول کیپر عمران بٹ کا عزم۔ فوٹو: فائل

پاکستان ہاکی ٹیم قوم کو دوہری خوشی دینے کیلیے بے تاب ہے، کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ جمعرات کو فائنل میں بھارت کو ہرا کر نہ صرف اعزاز کا کامیاب دفاع کرنا چاہتے ہیں بلکہ اس صورت میں گرین شرٹس اسکواڈ براہ راست اولمپکس گیمز 2016 میں رسائی حاصل کرلے گا۔

قومی کپتان محمد عمران اور گول کیپر عمران بٹ نے انچیون سے نمائندہ ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملائیشین ٹیم سیمی فائنل میں توقعات سے بھی زیادہ سخت ثابت ہوئی، ہم ناقابل شکست رہنے کا بھرم دل سے نکال کر جمعرات کو بھارت کیخلاف صرف فتح کیلیے میدان میں اترینگے۔ قومی کپتان نے کہا کہ کھلاڑیوں کو ذہنی اور جسمانی طور پر آرام دینے کیلیے بدھ کو مکمل چھٹی ہوگی، جمعرات کو ہلکی پھلکی وزش پر ہی اکتفا کیا جائیگا تاکہ اہم میچ سے قبل کوئی کھلاڑی فٹنس مسائل میں ہی نہ مبتلا ہوجائے۔

انھوں نے کہا کہ اب تک کی فتوحات ماضی کا حصہ بن گئیں، روایتی حریف کیخلاف فیصلہ کن مقابلے میں اعصاب پر قابو پاتے ہوئے کیریئر کا بہترین کھیل پیش کرینگے، اسی صورت ٹائٹل کا کامیاب دفاع کرنے کے بعد وطن واپس لوٹ سکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ملائیشین ٹیم سوچ سے بھی زیادہ سخت حریف ثابت ہوئی تاہم فتح پر اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں۔ ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ جب میچ پنالٹی شوٹ آئوٹس پر پہنچا تو دونوں کیلیے فتح کے یکساں مواقع ہوگئے تھے لیکن پاکستانی کھلاڑیوں نے اعصاب پر قابو پاتے ہوئے مقابلہ اپنے نام کیا۔

انھوں نے کہا بھارت کیخلاف فائنل یاد گار ہوگا، دونوں اطراف کے کھلاڑی اپنے کیریئر کا بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کرینگے، البتہ لیگ میچ میں بھارت پر کامیابی سے ہمیں نفسیاتی طور پر برتری حاصل ہوگی۔ گول کیپر عمران بٹ کے مطابق پے درپے کامیابیوں سے حوصلے بلند اور فائنل جیتنے کیلیے پُرعزم ہیں، انھوں نے ''ایکسپریس''کے وساطت سے قوم سے درخواست ہے کہ وہ بھارت کیخلاف میچ میں ٹیم کی کامیابی کیلیے خصوصی دعا کرے۔

ملائیشیا کیخلاف سیمی فائنل جب پنالٹی شوٹ آئوٹس پر گیا توذہن میں تھا کہ ہر حال میں فتح حاصل کرنی ہے، روایتی حریف بھارت کیخلاف فائنل میں بھی صلاحیتوں سے بڑھ کر کارکردگی دکھانے کی کوشش کرونگا، مقابلے میں دونوں ٹیموں کی فتوحات کے مساوی چانس ہیں تاہم ہمارے تمام کھلاڑی جیت لیے جان لڑانے کو بے تاب ہیں، ورلڈ کپ کھیلنے سے محرومی کے بعد ہمیں ٹائٹل کی اشد ضرورت ہے اسی صورت میں ہی قوم کا اعتماد بحال کیا جاسکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں