پاکستان سے مقابلہ آسٹریلیا نے خود پر آرام ’حرام‘ کرلیا

دبئی پہنچتے ہی خصوصی ٹیم میٹنگ، مقامی کنڈیشنز سے ہم آہنگی کیلیے پلاننگ


Sports Desk October 01, 2014
میڈیا سے بھی فی الحال دور رہنے کا فیصلہ، آج ٹریننگ سیشنز کا آغاز ہوگا۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

آسٹریلیا نے پاکستان سے مقابلے کیلیے خود پر آرام 'حرام' کرلیا۔

دبئی میں اترتے ہی شام کو خصوصی ٹیم میٹنگ ہوئی، مقامی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کیلیے پلاننگ کی گئی، مقامی میڈیا سے بھی فی الحال دور رہنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، بدھ سے ٹریننگ سیشنز کا آغاز ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے خلاف سیریز کا باقاعدہ آغاز اتوار کو واحد ٹوئنٹی 20 سے ہوگا،اسکے باوجود آسٹریلوی ٹیم نے یو اے ای میں آرام میں وقت ضائع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

گذشتہ روز دبئی پہنچنے کے بعد شام کو ٹیم میٹنگ ہوئی جس میں مقامی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کی ضرورت پر زوردیا گیا، ٹیم کے پاس خود کو گرمی کا سامنا کرنے کیلیے تیار کرنے کی خاطر صرف چار دن ہیں، ٹیم مینجمنٹ نے فی الحال مقامی میڈیا سے دور رہنے کا فیصلہ کیا ہے، گذشتہ روز ایرون فنچ بھی صرف تصاویر کیلیے سامنے آئے جبکہ بات چیت کے لیے مزید کچھ انتظار کرنا پڑے گا۔ بدھ سے باقاعدہ ٹریننگ سیشنز کا آغاز ہوگا،کھلاڑی آئی سی سی گلوبل کرکٹ اکیڈمی گراؤنڈ میں نیٹ پریکٹس کریں گے۔

وہ یہاں گروپس کی شکل میں پہنچے ہیں، پہلا سڈنی سے آدھی رات کو پہنچا جبکہ 7 کھلاڑی منگل کی صبح دبئی آئے تھے۔ ون ڈے ٹیم کے کچھ پلیئرز بھی یہاں پہنچ چکے لیکن سب سے زیادہ بے صبری سے انتظار گلین میکسویل کا کیا جارہا ہے جو چیمپئنز لیگ میں کنگز الیون پنجاب کی نمائندگی کررہے ہیں، اگر ان کی ٹیم فائنل میں پہنچی تو پھر وہ پاکستان سے ٹوئنٹی 20 میچ میں نہیں کھیل پائیں گے، یہ فرنچائز پر منحصر ہے کہ وہ میکسویل کو پہلے ریلیز کرتی ہے یا نہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں