ویمنز ہاکی میں جنوبی کوریا نے 12سالہ چینی حکمرانی ختم کردی

ویمنز فٹبال میں شمالی کوریاکا طلائی تمغہ، چین میڈلز کی ٹرپل سنچری کے قریب


AFP/Sports Desk October 02, 2014
ویمنز فٹبال میں شمالی کوریاکا طلائی تمغہ، چین میڈلز کی ٹرپل سنچری کے قریب ۔ فوٹو : اے ایف پی

ایشین گیمزویمنز ہاکی میں جنوبی کوریا نے چین کی 12 سالہ حکمرانی ختم کردی۔

ویمنز فٹبال میں شمالی کوریا نے جاپان سے بدلہ لیتے ہوئے طلائی تمغہ جیت لیا،بدھ کو منعقدہ کھیلوں کے بعد چین میڈلز کی ٹرپل سنچری مکمل کرنے کے قریب پہنچ گیا، اس نے 131 گولڈ، 90 سلور اور 73 برانز میڈلز حاصل کیے، ان کے مجموعی تمغے 294 ہوگئے، جنوبی کوریا دوسرے اور جاپان تیسرے نمبر پر ہے۔تفصیلات کے مطابق ایشین گیمز ویمنز ہاکی میں جنوبی کوریا نے چین کی 12 سالہ حکمرانی ختم کردی، فائنل میں میزبان ملک نے 1-0 سے کامیابی پائی، فیصلہ کن گول کھیل کے 41ویں منٹ میں کم نے اسکور کیا، برانز میڈل مقابلے میں بھارت نے جاپان کو 2-1 سے قابو کرلیا۔ ویمنز فٹبال میں شمالی کوریا نے جاپان سے حساب چکتا کرتے ہوئے طلائی تمغہ جیت لیا۔

چار برس قبل گوانگژو گیمز کے فائنل میں جاپان سے ہارنے والی شمالی کورین ٹیم نے اس مرتبہ 3-1 سے فتح سمیٹ لی، فاتح ٹیم کیلیے کم میون می، کپتان را یون سم اور ہو یون بوائل نے ایک ایک مرتبہ گیند کو جال کی راہ دکھائی، فائنل وسل بجتے ہی شمالی کورین کیمپ میں جذباتی مناظر بھی دیکھنے کو ملے، کچھ پلیئرز نے خوشیاں منائی جبکہ بعض آبدیدہ ہوگئیں، دوران میچ جنوبی کورین شائقین اپنے ہمسایہ ملک کی پلیئرز کی حوصلہ افزائی کرتے رہے۔

جنوبی کوریا نے ویتنام کو 3-0 سے مات دیکر برانز میڈل اپنے نام کیا،50 کلومیٹر ریس واک میں جاپان کے تاکایوکی تانی نے طلائی تمغہ جیت لیا، انھوں نے مقررہ فاصلہ 3 گھنٹے40 منٹ 19 سیکنڈز میں طے کیا، تاکایوکی نے ایشین گیمز کا ریکارڈ 7منٹ کے فرق سے بہتر بنایا جبکہ رواں برس یہ پانچویں تیزترین پرفارمنس بھی ریکارڈ ہوئی،کوریا کے پاک چل سنگ سلور اور چین کے وانگ زینگ ڈونگ نے کانسی کا تمغہ پایا۔ قطر کے نائیجیرین ایتھلیٹ فیمی اوگوندے نے اسپرنٹ ڈبل مکمل کرلیا، انھوں نے 200 میٹر ریس 20.14 سیکنڈز میں جیت کر گیمز میں دوسری مرتبہ سونے کا تمغہ پایا، اس سے قبل انھوں نے 100 میٹر ریس میں 9.93 سیکنڈز کی پرفارمنس سے ایشین ریکارڈ بنایا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں