پاکستانی شاہینوں نے دبئی میں بسیرا کر لیا

آسٹریلیا سے سیریزکا اتوار کو واحد ٹوئنٹی 20 سے آغاز، آفریدی کو نوجوان کھلاڑیوں سے بہتر کارکردگی کی امیدیں


Sports Reporter October 02, 2014
آسٹریلیا سے سیریزکا اتوار کو واحد ٹوئنٹی 20 سے آغاز، آفریدی کو نوجوان کھلاڑیوں سے بہتر کارکردگی کی امیدیں۔ فوٹو: فائل

پاکستانی شاہینوں نے دبئی میں بسیرا کر لیا،آسٹریلیا کیخلاف ہوم سیریز کا آغاز اتوار کو واحد ٹوئنٹی 20 میچ سے ہو گا،کپتان شاہد آفریدی کو نوجوان کھلاڑیوں سے بہترکارکردگی کی امیدیں وابستہ ہیں، ان کا کہنا ہے کہ حریف سائیڈ انتہائی خطرناک ہے، ہر میچ جیتنے کی ضمانت نہیں دی جاسکتی۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا سے یواے ای میں ہوم سیریز کھیلنے کیلیے قومی ٹیم بدھ کو دبئی پہنچ گئی،کھلاڑیوں نے کچھ دیر آرام کے بعد گلوبل اکیڈمی میں پریکٹس بھی کی، سیریز کا واحد ٹی ٹوئنٹی میچ اتوار کو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میںکھیلا جائیگا،دونوں سائیڈز نئے کپتانوں کے ساتھ میدان میں اتریں گی، جارج بیلی کی جانب سے قیادت چھوڑنے کے بعدآسٹریلیا نے ایرون فنچ کو ذمہ داری سونپی جبکہ گرین شرٹس کی کپتان شاہدآفریدی کے سپرد ہے، اہم سیریز میں پاکستانی ٹیم اسٹار اسپنر سعید اجمل کی خدمات سے محروم رہے گی جبکہ آسٹریلیا کے آل راؤنڈر شین واٹسن بھی انجری کی وجہ سے اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی کے بعد ون ڈے مقابلوں کا آغاز ہوگا، بعدازاں 2 ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے جس کیلیے پاکستانی ٹیم کا اعلان دوسرے ون ڈے کے بعد ہوگا۔

دریں اثنا ٹوئنٹی20 ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے آسٹریلیا سے سیریز میں زیادہ تر امیدیں جونیئرز سے وابستہ کی ہیں۔ دبئی روانگی سے قبل ''ایکسپریس ٹریبیون'' سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ ہم نے سیریز میں اسکواڈ میں زیادہ تر نئے پلیئرز کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دیا ہے، مجھے ان سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں تاہم گرین شرٹس کی 100 فیصد جیت کی ضمانت نہیں دے سکتا۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ اسکواڈ میں بھارت میں جاری چییمپئنز لیگ میں حصہ لینے والے کھلاڑی بھی شامل ہیں، سعد نسیم باصلاحیت کرکٹر اورسیریز میں اچھی کارکردگی دکھانے کی اہلیت رکھتا ہے، اسی طرح اویس ضیا اور رضاحسن سے بھی اچھی توقعات وابستہ ہیں۔ دریں اثنا آسٹریلیا کے خلاف قومی ٹیم کا حصہ بننے کیلیے محمد حفیظ سمیت پانچ کھلاڑی بدھ کی شب دبئی روانہ ہوگئے، ان میں احمد شہزاد، عمر اکمل، وہاب ریاض اور سعد نسیم بھی شامل ہیں۔ یاد رہے کہ بھارت میں چیمپیئنز لیگ کی مصروفیت کے باعث یہ تمام پلیئرز ٹیم کے ہمراہ روانہ نہ ہوسکے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں