چائنا ٹینس میں ووزینسکی کی کہانی اسٹوسر کے ہاتھوں ختم

پیٹرا کیوٹوا اور آلیزکورنیٹ نے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی، ماریا شراپووا کی راؤنڈ 8 میں رسائی


AFP/Sports Desk October 02, 2014
پیٹرا کیوٹوا اور آلیز کورنیٹ نے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی، ماریا شراپووا کی راؤنڈ 8 میں رسائی، مینز میں جوکووک نے ویساک کو ہرا دیا۔ فوٹو: فائل

لاہور: چائنا اوپن ٹینس میں کیرولین ووزینسکی کی کہانی سمانتھا اسٹوسر کے ہاتھوں ختم ہوگئی، ومبلڈن چیمپئن پیٹرا کیوٹوا، اور آلیزکورنیٹ نے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی جبکہ فورتھ سیڈ ماریا شراپووا نے راؤنڈ 8 میں رسائی حاصل کرلی۔

مینز سنگلز میں دفاعی چیمپئن اور ٹاپ سیڈ نووک جوکووک نے دوسرے مرحلے میں ویساک پوسپیسل کو پچھاڑ دیا، جون اسنر نے ٹومی روبریڈو کو زیر کرلیا، جاپان اوپن میں کائی نیشکوری نے فاتحانہ آغاز کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق چائنا اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے سیکنڈ رائونڈ میچز میں کیرولین ووزینسکی کی ناکامی کی صورت میں ایک اپ سیٹ سامنے آگیا، سابق ورلڈ نمبرون اور 6 سیڈ ڈینش اسٹار کو دوسرے رائونڈ میں آسٹریلیا کی سمانتھا اسٹوسر نے بھرپور مقابلے کے بعد 6-4،7-6(11/9) سے ہرا دیا۔

ناکامی سے کیرولین ووزینسکی کی سنگاپور میں شیڈول سیزن کے اختتامی ایونٹ میں جگہ بنانے کی کوششوں کو دھچکا پہنچ گیا، تھرڈ سیڈ جمہوریہ چیک کی پیٹرا کیوٹوا نے چنی حریف پینگ شوئی کو 6-4 اور6-2 سے قابو کرکے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی،فرانس کی آلیزکورنیٹ نے امریکی حریف لورین ڈیویس کو 6-2 اور6-1 سے مات دی، فورتھ سیڈ ماریا شراپووا نے اسپین کی کارلا سواریز نیوارو کو 6-1،7-6(7/3) سے ہراکر کوارٹر فائنل میں قدم رکھ دیے۔

مینز سنگلز میں دفاعی چیمپئن نووک جوکووک نے ایونٹ میں سوفیصد کامیابی کا ریکارڈ برقرار رکھتے ہوئے ویساک پوسپیسل کو پچھاڑ کر تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنالی، ورلڈ نمبرون نے کینیڈین حریف کیخلاف 6-3 اور7-5 سے کامیابی حاصل کی، پہلے سیٹ میں سرب اسٹار مکمل طور پر حریف پر چھائے رہے، انھوں نے تیسرے اور فائنل گیم میں ان کی سروس بریک کی، دوسرے سیٹ میں پوسپیسل نے کچھ مزاحمت پیش کی لیکن جوکووک نے جلد ہی کھیل میں واپسی کرتے ہوئے انھیں پچھلے قدموں پر جانے کو مجبور کردیا، جوکووک بیجنگ میں پانچویں ٹائٹل کی مہم پر سفر جاری رکھے ہوئے ہیں، یہاں انھوں نے 2009 کے بعد سے ہر برس ٹائٹل جیتا تاہم 2011 میں ایونٹ سے غیرحاضر رہے تھے۔

جون اسنر نے ٹومی روبریڈو کو 3-6 ،7-5 اور7-6(7/4) سے شکست دے دی۔ دوسری جانب جاپان اوپن میں مقامی اسٹار کائی نیشکوری نے ہوم شائقین کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے ابتدائی میچ جیت لیا، یوایس اوپن فائنلسٹ نے کروشین حریف ایوان ڈوڈگ کو 6-3 اور6-4 سے مات دی، انھوں نے حریف کو رواں سیزن میں دوسری مرتبہ زیر کیا، وہ اس سے قبل میڈرڈ ایونٹ میں بھی ان کیخلاف فتح حاصل کرچکے ہیں، اس کامیابی کے ساتھ ہی رواں برس نیشکوری کی میچز فتوحات45 ہوگئیں، 10 مقابلوں میں انھیں شکست کا سامنا کرنا پڑا، دوران میچ ڈوڈگ بال بوائز اور ہاک آئی کمپیوٹرائزڈ لائن کالنگ سسٹم سے پریشان دکھائی دیے۔

اس معاملے پر نیشکوری نے کہا کہ میں نے اس کا کوئی خاص نوٹس نہیں لیا کیونکہ میری پوری توجہ اپنے کھیل پر مرکوز رہی، سیکنڈ رائونڈکے میچز میں فرنچ پلیئر جائلز سیمون نے لگسمبرگ کے جائلز مولر کو 4-6 ،7-6(7/1) اور6-3 سے ہرادیا، سیمون اب تیسرے مرحلے میں امریکی پلیئر اسٹیو جونسن کا سامنا کریں گے، جنھوں نے اسپینش حریف مارسیل گرینولرز کو 4-6،6-3 اور 6-4 سے پچھاڑ کر اس مقام تک رسائی پائی، جیک سوک نے قازقستان کے آندرے گلوبوف کو6-3 ،1-6 اور7-5 سے قابوکیا، جرمنی کے بینجمن بیکر نے جاپانی پلیئر ٹیٹسوما ایٹو کو6-3 اور6-3 سے ہرایا، انھوں نے گذشتہ دن ٹاپ سیڈ اسٹینسلس واورنیکا کواپ سیٹ شکست دی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں