سیاچن مسئلے کے حل کے لئے بھارت نے کبھی کسی تجویز کا مثبت جواب نہیں دیا ترجمان دفتر خارجہ

جلد یا بدیر پاکستان اور بھارت کو باہمی مسائل کے لئے مذاکرات کی میز پر آنا ہی ہوگا، تسنیم اسلم

جب ضروری سمجھیں گے مقبوضہ کشمیر کی سیاسی قیادت سے ملتے رہیں گے، تسنیم اسلم ۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے کہا ہے کہ جموں کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادیں اب بھی موثرہیں،مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جانا چاہئے۔

دفتر خارجہ میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران تسنیم اسلم کا کہنا تھا کہ ماضی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاچن مسئلے کے حل کے لئے ہونے والے مذاکرات میں دنیا کے بلند ترین محاذ سے فوجیں ہٹانے اور اسے پیس پارک قرار دینے کی تجاویز پر غور کیا گیا لیکن بھارت نے کبھی اس سلسلے میں دی جانے والی تجاویز کا مثبت جواب نہیں دیا۔ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قیادت اور سرکاری حکام جب بھی ضروری سمجھیں گے وہ مقبوضہ کشمیر کی سیاسی قیادت سے ملتے رہیں گے۔ جموں کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادیں اب بھی موثرہیں، شملہ معاہدہ کسی بھی طرح ان قراردادوں کی نفی نہیں کرتا۔ مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جانا چاہئے۔ جلد یا بدیر پاکستان اور بھارت کو باہمی مسائل کے لئے مذاکرات کی میز پر آنا ہی ہوگا۔ بھارتی وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں تقریر کے دوران دہشتگردی کے خلاف بات کرتے ہوئے پاکستان کا حوالہ نہیں دیا۔


ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ کسی بھی تنظیم یا فرد کو دہشتگرد قرار دینے کاعمل اقوام متحدہ کے دیئے گئے ضابطے کے مطابق ہوتا ہے۔ گزشتہ دنوں امریکا کی جانب سے 3 پاکستانیوں کو دہشتگرد قرار دینے کا اعلان پاکستان پر لاگو نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں پر امن انتقال اقتدار خوش آئند ہے اور ہم افغانستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ سیکیورٹی معاہدوں کو خوش آمدید کہتے ہیں

تسنیم اسلم نے مزید کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ خطے کے تمام ممالک کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ پاکستان سے پولیو کے خاتمے کے لئے اپنی تمام تر ذمہ داری کے ساتھ مصروف عمل ہے، اس کے باوجود نئے پولیو کیسز کا مسلسل سامنے آنا افسوسناک ہے۔ عالمی سطح پر اس مرض کو روکنے کے لئے ہر پاکستانی بیرون ملک سفر سے قبل انسداد پولیو ویکسی نیشن کے عمل سے گزر رہا ہے۔
Load Next Story