دھرنا لاہورسے چلا تو اس کا تعین کہیں اورسے ہورہا تھا اوراس کا مقصد نظام کو تباہ کرنا تھا جاوید ہاشمی

تحریک انصاف اورعوامی تحریک کا منصوبہ تھا کہ 10 بندے مروائیں گے اور حکومت چلی جائے گی، سابق صدر تحریک انصاف

اگر عمران خان اور اور طاہر القادری کچھ کرتے ہیں تو ملک میں خانہ جنگی کا خدشہ ہے، جاوید ہاشمی۔ فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے سابق صدر مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا ہے کہ دھرنوں کا مقصد پورے نظام کو تباہ کرنا تھا اورجب یہ لاہورسے چلا تو اس کا تعین کہیں اور سے ہورہا تھا۔

ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ عمران خان کا ''گو نواز گو'' کا نعرہ ہی غلط ہے، عمران خان ہر رات ''گو نواز گو'' کے نعرے کے ساتھ نواز شریف کی تعریف کر تےہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دھرنا جب لاہور سے چلا تھا تو منزل کا تعین کہیں اور سے ہو رہا تھا، دھرنوں کا مقصد پورے نظام کو درہم برہم کرنا تھا، منصوبہ تھا کہ 10 بندے مروائیں گے اور حکومت چلی جائے گی۔


جاوید ہاشمی نے کہا کہ اگر عمران خان اور اور طاہر القادری کچھ کرتے ہیں تو ملک میں خانہ جنگی کا خدشہ ہے، موجودہ حکومت نے برداشت کا مظاہرہ کیا نہ ہی لاٹھی چلائی اور نہ گولی، دھرنا دینے والی دونوں جماعتوں سے درخواست ہے کہ ملک کی خاطر دھرنے ختم کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے عمران خان کو جانچنے میں غلطی کی، عمران خان اب کبھی استعفے کا نام نہیں لیں گے، عمران نے جن افراد کو انتخابات میں امیدوار بنایا وہ لوگوں سے پیسا بٹورنے والے تھے۔

واضح رہے کہ عمران خان اورجاوید ہاشمی کے درمیان دھرنے کے دوران اختلافات پیدا ہوگئے تھے جس کے بعد عمران خان نے انہیں پارٹی کے عہدے سے برطرف کردیا تھا جب کہ جاوید ہاشمی بھی اس کے بعد مسلسل پریس کانفرنس کے ذریعے تحریک انصاف پر ینگین قسم کے الزامات لگارہے ہیں اور گزشتہ روز تحریک انصاف کی صدارت سے استعفیٰ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ استعفیٰ عمران خان کےغیر جمہوری رویئے کی وجہ سے دیا۔
Load Next Story