پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ بھارت میں ان کے بولنگ ایکشن کو مشکوک قرار دینا حیران کن ہے جبکہ وہ گزشتہ 11 سال سے اسی طرح بولنگ کرا رہے ہیں اورکبھی کسی نے اعتراض نہیں کیا۔
آسٹریلیا کے خلاف متحدہ عرب امارات میں طے شدہ سیریز میں حصہ لینے کے لئے روانگی سے قبل لاہور ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ بھارت میں چیمپئنز لیگ میں میرے بولنگ ایکشن پر اعتراض اٹھانا حیران کن ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوکہ میرے بولنگ ایکشن پر اعتراض کیا گیا ہے لیکن وہ اپنا ایکشن تبدیل نہیں کریں گے کیونکہ میں گزشتہ 11 سال سے آئی سی سی کے مجوزہ قوانین کے مطابق بولنگ کروا رہا ہوں۔
محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ چیمپئنز لیگ بھارت میں ہونے والا ڈومیسٹک ٹورنامنٹ تھا جس میں بولنگ ایکشن پر لگائے جانے والے اعتراضات کی کوئی حیثیت نہیں۔ آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ بعض حلقوں کے نزدیک " دوسرا " ڈلیوری کو غیر قانونی سمجھا جاتا ہے لیکن انہوں نے کبھی " دوسرا" گیند نہیں کروائی جس کی وجہ سے انہیں کوئی خوف نہیں۔
سابق کپتان نے کہا کہ وہ 6 عالمی ٹورنامنٹ میں حصہ لے چکے ہیں جس میں 2 ورلڈ کپ اور 3 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ شامل ہیں جس میں کبھی کسی نے ان کے بولنگ ایکشن پر سوال نہیں اٹھایا جبکہ بھارت میں ان کے بولنگ ایکشن پر اعتراض کرنا سمجھ سے بالا ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی کی جانب سے مشکوک بولنگ ایکشن پر پاکستانی اسپنر سعید اجمل کو بولنگ کرانے سے روک دیا گیا تھا جبکہ ورلڈ کپ سے قبل اسپنرز کے ایکشن پر اعتراض لگا کر انہیں ایونٹ سے باہر کرنے کی کوشش پر پاکستانی کوچ وقار یونس نے کئی سوالات اٹھائے ہیں۔