آسٹریلیا کے خلاف سیریزمیں سعید اجمل کی کمی شدت سے محسوس ہوگی شاہد آفریدی

سعید اجمل کی کمی تو کوئی پوری نہیں کرسکتا تاہم وہ اور محمد حفیظ میچ میں صورت حال کو کنٹرول کر لیں گے،بوم بوم آفریدی


امید ہے کہ ٹیم کا ہر کھلاڑی کھیل میں اپنی بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرے گا،بوم بوم آفریدی فوٹو: فائل

ISLAMABAD: قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف ہونے والے ٹی ٹونٹی میچ میں ٹیم سعید اجمل کی کمی شدت سے محسوس کرے گی۔

دبئی میں پریکٹس سیشن کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے آل راونڈر شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ سعید اجمل کی اہمیت سے ٹیم اچھی طرح واقف ہے اس لئے ان کی کمی بھی ٹیم کوشدت سے محسوس ہوگی۔ بوم بوم کا کہنا تھا کہ انہیں اعتماد ہے کہ ٹیم میں شامل کئے جانے والے حسن رضا اچھی کارگردگی کا مظاہرہ کریں گے کیونکہ وہ اس سے پہلے بھی اچھی پرفارمنس دکھا چکے ہیں۔

آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹونٹی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں بوم بوم آفریدی کا کہنا تھا کہ دونوں ٹیمیں متوازن ہیں اور شائقین کو ایک اچھا میچ دیکھنے کو ملے گا اور انہیں امید ہے کہ ٹیم کا ہر کھلاڑی کھیل میں اپنی بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سعید اجمل کی کمی تو کوئی پوری نہیں کرسکتا تاہم وہ اور محمد حفیظ میچ میں صورت حال کو کنٹرول کر لیں گے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا واحد ٹی ٹونٹی میچ 5 اکتوبر کو متحدہ امارت کے میدان پر کھیلا جائے گا اس کے علاوہ دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ایک روزہ اور 2ٹیسٹ میچز بھی کھیلے جائیں گے، ون ڈے سیریز کا پہلا ایک روزہ میچ شارجہ میں 7اکتوبر، دوسرا 10 اکتوبرکو دبئی اور آخری میچ 12 اکتوبر کو ابو ظہبی میں کھیلا جائے گا جب کہ ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ دبئی میں 22 سے 26 اکتوبر اور دوسرا میچ 30 اکتوبر سے 3 نومبرکے درمیان ابو ظہبی میں کھیلا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں