چینی مینز ریلے ٹیم نے ایشین ریکارڈ توڑ دیا

جنوبی کوریا نے فٹبال میں شمالی کوریاکا حملہ پسپا کردیا، گولڈ میڈل پر قبضہ، رگبی میں سونے کے تمغے جاپان اور چین کے نام


AFP October 03, 2014
جنوبی کوریا نے فٹبال میں شمالی کوریا کا حملہ پسپا کردیا، گولڈ میڈل پر قبضہ، رگبی میں سونے کے تمغے جاپان اور چین کے نام۔ فوٹو : فائل

ایشین گیمز میں جنوبی کوریا نے فٹبال کے محاذ پر شمالی حریف کا حملہ پسپا کردیا، فائنل میں اضافی وقت کے آخری منٹ میں رم چانگ وو کے گول سے گولڈ میڈل پر قبضہ جمالیا۔

میزبان ردھمک جمناسٹک اسٹار یون جے نے انفرادی آل راؤنڈ ٹائٹل جیت لیا، چینی مینز ریلے ٹیم نے ایشین ریکارڈ توڑ دیا۔ مینز اور ویمنز رگبی میں سونے کے تمغے جاپان اور چین کے نام رہے۔ بحرین کی افریقی ایتھلیٹس نے طویل فاصلے کی دوڑ میں ہیٹ ٹرک مکمل کرلی۔ تفصیلات کے مطابق ایشین گیمز مینز فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں جنوبی کوریا نے سنسنی خیز مقابلے میں حریف شمالی کوریا کو 1-0 سے شکست دے دی، مقررہ وقت میں مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہنے کے بعد اضافی وقت میں بھی دونوں ٹیموں کے مضبوط دفاع کو دیکھتے ہوئے مقابلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ میں جاتا ہوا دکھائی دے رہا تھا لیکن آخری منٹ میں رم چانگ وو نے گیند کو جال میں ڈال کر اپنی ٹیم کو خوشیاں منانے کا موقع فراہم کردیا۔ چین کی مینز 100×4 میٹر ریلے ٹیم نے ایشیائی ریکارڈ توڑ دیا، چین شیوی، زی ژینے، سو بنگٹین اور ژینگ پیمینگ نے فنشنگ لائن 37.99 سیکنڈ میں عبور کی، وہ 38 سیکنڈ سے پہلے یہ دوڑ مکمل کرنے والے پہلے ایشیائی ایتھلیٹس بنے۔

400×4 میٹر مینز ریلے میں سونے کا تمغہ جاپان کے نام رہا۔ ٹرپل جمپ میں چین کے کاؤ شاؤ نے فتح پائی۔ چین ہی کے ژیاؤ چنگ گانگ نے مینز جیویلین تھرو میں بھی نیا ریکارڈ بنایا۔شاٹ پٹ میں سعودی عرب کے سلطان الحاباشی نے سونے کا تمغہ پایا۔ ویمنز 10 ہزار میٹر میں بحرین کے الحسان العباسی نے گولڈ میڈل حاصل کیا، ویمنز 5 ہزار میٹر میں بحرین کی مریم یوسف جمال اور میراتھن میں بھی بحرین کی ایونس جپکیروئی کروا نے ٹاپ پوزیشن پائی۔ ویمنز 100×4 میٹر ریلے میں چین اور 400×4 میٹر میں بھارت سرخرو رہا۔بولنگ مینز اور ویمنز ماسٹرز دونوں میں سونے کے تمغے کوریا کے ہی نام رہے۔

مینز کینوئی سنگل میں جاپان کے تاکویا ہانیڈا نے برتری حاصل کی جبکہ کیاک سنگل میں بھی جاپان کے ہی کازویا اداچی نے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ ویمنز کینوئی سنگلز اور کیاک سنگلز دونوں میں چینی ایتھلیٹس آگے رہیں۔ ویمنز والی بال میں جنوبی کوریا نے چین کو 3-0 سے مات دے کر سونے کا تمغہ حاصل کرلیا۔ رگبی سیون مینز میں جاپان نے مسلسل تیسری مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا ، اس نے ہانگ کانگ کو شکست دی جبکہ چین نے ویمنز فائنل میں جاپان کو ہرا کر طلائی تمغہ پایا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں