چائنا ٹینس سیمونا ہالیپ کوارٹر فائنل میں پہنچنے کے بعد دستبردار

وینس ولیمز کو وائرل بیماری نے تیسرے راؤنڈ سے آگے نہ بڑھنے دیا، سرینا ولیمز اور رافیل نڈال لاسٹ 8 میں پہنچ گئے


Sports Desk/AFP October 03, 2014
وینس ولیمز کو وائرل بیماری نے تیسرے راؤنڈ سے آگے نہ بڑھنے دیا، سرینا ولیمز اور رافیل نڈال لاسٹ 8 میں پہنچ گئے۔ فوٹو : فائل

سیمونا ہالیپ چائنا اوپن ٹینس کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے کے بعد انجری کی وجہ سے دستبرداری پر مجبور ہوگئیں۔

وینس ولیمز کو وائرل بیماری نے تیسرے راؤنڈ سے آگے نہ بڑھنے دیا، سرینا ولیمز اور رافیل نڈال لاسٹ 8 میں پہنچ گئے، ایکٹرینا ماکارووا کو روبرٹا ونسی نے واپسی کا پروانہ تھما دیا، جاپان اوپن میں کائی نیشکوری اور مائلوس راؤنک نے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی جبکہ کیون اینڈرسن کی دوسرے راؤنڈ ہی میں چھٹی ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق عالمی نمبر2 سیمونا ہالیپ چائنا اوپن کے لاسٹ 8 میں پہنچ کر انجری جبکہ وینس ولیمز بیماری کے باعث دستبردار ہوگئیں۔

ہالیپ نے سخت جدوجہد کے بعد 2 گھنٹے اور 35 منٹ کے مقابلے میں جرمنی کی 15 سیڈ اینڈریا پیٹکووک کو 7-6 (7/4)، 5-7 اور 7-6 (7/1) سے پچھاڑا تھا، اس مشکل ترین جیت کے بعد وہ انجرڈ ہو گیئں، ڈبلیو ٹی اے نے بتایا کہ ہپ انجری کے سبب وہ ٹورنامنٹ سے دستبردار ہوگئیںاور کوارٹرفائنل میں ان کی حریف اینا ایوانووک براہ راست سیمی فائنلز میں پہنچ گئی ہیں۔ بیجنگ میں ٹاپ سیڈ امریکا کی سرینا ولیمز نے جمہوریہ چیک کی لوسی سفارووا کو6-1، 1-6 اور 6-2 سے مات دی، ورلڈ نمبر تھری اور سیکنڈ سیڈ اسپین کے رافیل نڈال نے کوالیفائر جرمنی کے پیٹر گوجوویزک کو اسٹریٹ سیٹس میں 6-3 اور 6-4 سے ہرایا۔

ویمنز مقابلوں میں سربیا کی 9 سیڈ اینا ایوانووک نے جرمنی کی سبائن لیسکی کو 6-3 اور 7-5 سے شکست دی، سیڈ 7 اینجلیک کیربر کو روس کی سویٹلانا کزنیٹسووا کے ہاتھوں 2-6، 6-4 اور 6-3 سے ناکامی برداشت کرناپڑی، 12ویں سیڈ ایکٹرینا ماکاروواکی امیدوں پر اس وقت اوس پڑگئی جب انھیں اٹلی کی روبرٹا ونسی نے 6-1، 0-6 اور 7-5 سے ہرا دیا۔ اطالوی پلیئر اپنے کوارٹر فائنل میچ میں پیٹرا کویٹووا کا سامنا کریں گی، ورلڈ نمبر تھری بغیر کوئی میچ کھیلے لاسٹ 8 میں پہنچی ہیں،وینس ولیمزوائرل بیماری کے باعث میچ میں شرکت نہ کرسکیں۔

آسٹریلوی سمانتھا اسٹوسر نے فرانس کی الیزے کورنیٹ پر 6-4 اور 6-2 سے فتح حاصل کی۔ مینز سنگلز سیکنڈ راؤنڈ کے دیگر مقابلوں میں جمہوریہ چیک کے عالمی نمبر6 اور بیجنگ میں تھرڈ سیڈ ٹوماس بریڈچ نے سربیا کے وکٹور ٹروئکی کو 6-3 اور 6-4 سے زیر کرکے کوارٹر فائنل میں رسائی پائی، وہ آئندہ ماہ برطانیہ میں شیڈول ورلڈ ٹور فائنلز کیلیے کوالیفائی کرنے کے بھی قریب پہنچ گئے ہیں۔ لندن کیلیے پوائنٹس حاصل کرنے میں مصروف برٹش پلیئر اینڈی مرے نے بھی یوروگوئے کے پیبلو کیوواس کو 6-2 اور 6-2 سے قابو کیا۔

دریں اثنا سلواکیہ کے مارٹن کلیزان نے ارنسٹس گلبز پر غلبہ پایا، لٹویئن پلیئر شانے کی انجری کے سبب 6-2 اور 3-0 کے اسکور پر ریٹائر ہوگئے۔ پانچویں سیڈ بلغارین گریگور دیمیتروف بھی اسپین کے پیبلو اندوجار پر 6-4 اور 6-4 سے کامیابی پاکر لاسٹ 8 میں پہنچ گئے۔ ادھر جاپان اوپن میں فورتھ سیڈ کائی نیشکوری نے امریکی ڈونلڈ یونگ کو 6-4، 7-6 (7/4) سے مات دی، جمعہ کو ان کا سامنا فرانس کے جیریمی شارڈی سے ہوگا جنھوں نے جنوبی افریقی کیون اینڈرسن کو اسٹریٹ سیٹس میں 6-4 اور 6-4 سے زیر کیا۔ کینیڈین تھرڈ سیڈ مائلوس راؤنک نے ازبک ڈینس استومن کے ساتھ کوارٹر فائنل میچ سیٹ کرلیا، راؤنک نے آسٹرین ویٹرن جرگن میلزر کو 6-4 اور 6-3 جبکہ استومن نے پولینڈ کے مائیکل ریسنزی کو 6-4، 7-6 (7/5) سے شکست دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں