طاہرالقادری نے کراچی اور لاہور کے کارکنوں کو دھرنے سے جانے کی اجازت دیدی

انقلاب کے ساتھ انتخابات کی بھی جنگ لڑیں گے جس کے لئے لاہور اور کراچی میں جلسے ہوں گے، سربراہ عوامی تحریک

کراچی میں محرم کے بعد سیاسی جلسہ کیا جائے گا، ڈاکٹر طاہرالقادری فوٹو : فائل

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے انقلاب مارچ میں شریک کراچی اور لاہور سے تعلق رکھنے والے کارکنوں کو دھرنے سے واپس جانے کی ہدایت کردی ہے۔



اسلام آباد کے ڈی چوک پر انقلاب مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ عوامی تحریک انقلاب کی جنگ بھی لڑے گی اور انتخابات کی بھی جس کے لئے لاہور اور کراچی میں جلسے کئے جائیں گے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے اعلان کیا کہ کراچی میں محرم کے بعد سیاسی جلسہ کیا جائے گا جس کی تیاری کے لئے شہر قائد کے شہریوں کو دھرنے سے جانے کی اجازت دیتا ہوں جبکہ لاہور میں بھی عید کے بعد جلسہ ہوگا۔


عوامی تحریک کے سربراہ نے دھرنے میں شریک افراد کو ہدایت کی کہ وہ دھرنے میں ہی رہیں اور سیرو تفریح کے لئے باہر جانے سے اجتناب کریں۔ انہوں نے کہا کہ کارکن صبر سے کام لیں اور دھرنے میں موجود رہیں کیوں کہ بہت جلد انقلاب کا سورج طلوع ہونے والا ہے ۔

Load Next Story