کرکٹ بورڈ کا ’’کارنامہ‘‘ سینئر انٹر ڈسٹرکٹ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم رنر اپ قرار

دوسرے نمبر پر رہنے والی سائیڈ کو چیمپئن سمجھ کر انعامی رقم بھی تقسیم کردی، حیدرآباد کے حکام بھی معاملے پر خاموش

بعض اوقات ایسی غلطی ہو جاتی ہے،حیدرآباد کی ٹیم ٹورنامنٹ کی فاتح ہے،اسے مکمل پرائز منی بھی ملے گی، انتخاب عالم۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
پی سی بی نے قوانین کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے حیدرآباد ریجن کے سینئر انٹر ڈسٹرکٹ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو رنر اور ناکام سائیڈ کو چیمپئن قرار دے دیا، انعامی رقم بھی تقسیم کر دی گئی۔

شعبہ کرکٹ آپریشنز ڈومیسٹک کی اس فاش غلطی پر حیدرآباد کرکٹ کے ''بڑوں'' نے بھی چپ سادھ رکھی ہے، کرکٹ بورڈ نے غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ اس کا ازالہ کرکے حیدرآباد کو فاتح قرار دیا جائے گا، ساتھ ہی مزید انعامی رقم بھی دی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق جون میں حیدرآباد ریجن میں پی سی بی سینئر انٹر ڈسٹرکٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد ہوا، اس میں حیدرآباد، میرپور خاص، ٹھٹھہ، ضلع بے نظیر آؓباد، سانگھڑ اور بدین کی ٹیموں نے حصہ لیا، ٹورنامنٹ میں تمام ٹیموں نے اپنے حصے کے 5،5 میچز کھیلے، جس میں حیدرآباد نے چار جیتے اور ایک ڈرا کرکے 39 پوائنٹس حاصل کیے۔

میرپور خاص نے چار میچز میں فتح اور ایک میں شکست کا مزہ چکھنے کے بعداتنے ہی پوائنٹس پائے، دونوں ٹیموں کے پوائنٹس برابر ہونے پر فاتح ٹیم کا انتخاب کرنے کیلیے ڈومیسٹک کرکٹ قوانین کا سہارا لیا گیا جس کے مطابق حیدرآباد اس ٹورنامنٹ کی چیمپئن ہے لیکن حیران کن طور پر شعبہ ڈومیسٹک کرکٹ نے فاش غلطی کرتے ہوئے قوانین کے برخلاف میرپور خاص کو ونر اور حیدرآباد کو رنر اپ قراردے دیا، ساتھ ہی کیش پرائز منی بھی تقسیم کردی گئی۔


حالانکہ پی سی بی شعبہ ڈومیسٹک کی پلیئنگ کنڈیشنزکتاب کے صفحہ نمبر 17 کے قانون 16 میں واضح طور پر لکھا ہے کہ دونوں ٹیموں کے پوائنٹس برابر ہونے پر زیادہ میچز جیتنے والے کو فاتح قرار دیا جائے گا، اگر یہ بھی برابر ہے تو شکست کے مارجن پر چیمپئن کا فیصلہ ہوتا، اس کے مطابق حیدرآبادکو میرپورخاص پر برتری حاصل ہے کیونکہ ٹیم ٹورنامنٹ میں کوئی میچ نہیں ہاری، میرپور خاص کو اس کے ہاتھوں شکست کا مزہ چکھنا پڑا تھا۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر انتخاب عالم ڈائریکٹر، شفیق پاپا جی ایم اور ثاقب عرفان منیجر ڈومیسٹک کرکٹ اپنی پیشہ وارانہ فرائض کی انجام دہی کیلیے پی سی بی سے ماہانہ لاکھوں روپے لیتے ہیں، ان انتہائی سینئر آفیشلزکی معاونت کے لیے بھی کئی افراد موجود ہیں لیکن اس کے باوجودان سے یہ سنگین غلطی ہوئی۔

دوسری جانب اس معاملے پر سابق فرسٹ کلاس کرکٹرز سے سجی حیدرآباد ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن نے بھی خاموشی اختیارکی ہوئی ہے۔ اس حوالے سے پی سی بی کے ڈائریکٹر انتخاب عالم نے نمائندہ ''ایکسپریس'' سے بات چیت کے دوران غلطی کو تسلیم کر لیا، انھوں نے کہا کہ بعض اوقات ایسا ہو جاتا ہے، حیدرآباد کی ٹیم ٹورنامنٹ کی فاتح ہے اور اسے مکمل انعامی رقم بھی ملے گی۔
Load Next Story