وفاق کا متحدہ سے رابطہ شکایات کے ازالے کی یقین دہانی

آپریشن میں بے گناہ گرفتار کارکنان کے مکمل کوائف سے وزرات داخلہ کو آگاہ کیاجائے، وفاق کا متحدہ کو پیغام

متحدہ سمیت کسی جماعت پر سیاسی سرگرمیوں، کھالیں جمع کرنے پر پابندی نہیں، ذرائع۔ فوٹو: فائل

وفاقی حکومت نے گورنر سندھ کے توسط سے ایم کیوایم کی قیادت کوآگاہ کیا ہے کہ کراچی آپریشن کے دوران اگرایم کیوایم کوکسی قسم کی زیادتی کی شکایات ہیں اور اگربے گناہ کارکنان کی گرفتاریوں کے واقعات حالیہ دنوں میں رونما ہوئے ہیں، ان گرفتارافراد کے مکمل کوائف اورتفصیلات سے وزرات داخلہ کو آگاہ کیا جائے، ان شکایات کامکمل جائزہ لے کرقانون کے مطابق ازالہ کیا جائے گا۔

اس پیغام میں آگاہ کیاگیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروںکو آگاہ کیاجا چکاہے کہ آپریشن کے دوران جرائم پیشہ افرادکو گرفتارکیا جائے اور کسی بے گناہ شخص کوحراست میں نہ لیاجائے۔ اس آپریشن کووفاقی حکومت خصوصاً وزارت داخلہ مانیٹر کررہی ہے۔ حکومت کی جانب سے ایم کیوایم سمیت کسی جماعت پرسیاسی سرگرمیوںپر پابندی عائد نہیںکی گئی ہے اورنہ ہی کسی رجسٹرڈفلاحی ادارے کو عیدالاضحیٰ پرکھالیں جمع کرنے سے روکا جائے گا۔تاہم تمام کھالیں جمع کرنے والے ادارے اجازت نامے اورضابطہ اخلاق کے مطابق رضاکارانہ طورپر یہ کام انجام دینے کے پابند ہوں گے۔


اہم ذرائع کاکہنا ہے کہ حکومتی حلقوں نے ایم کیوایم کی جانب سے ایک بیان پرکچھ افرادکی دل آزاری پرمعافی کااظہار سامنے کے معاملے کوبھی خوش آئندقرار دیاہے اور کہا گیا ہے کہ وفاق مستقبل میں ایم کیوایم کی قیادت سے ورکنگ ریلیشن شپ کو بڑھائے گا۔ ایم کیوایم کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف حلقوں کے پس پردہ رابطوں کے سبب حالیہ دنوں میں ایم کیوایم کے وفاق اوراعلیٰ حلقوں سے جوبعض مسائل سامنے آرہے تھے ان میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے۔

ایم کیوایم کے حلقے سمجھتے ہیں جلد کچھ مسائل حل ہوجائیں گے اوربے گناہ کارکنان کی گرفتاریوں کا سلسلہ بند ہوجائے گا۔ واضح رہے کہ گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العبادخان ایم کیوایم کے بعض مسائل کو حل کرانے میں اہم کوشش کررہے ہیں اور وہ مسلسل رابطوں میں ہیں۔
Load Next Story