سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک مشرق وسطیٰ اور یورپ و امریکا میں عیدالاضحیٰ منائی گئی

سعودی عرب میں نماز عید کے سب سے بڑے اجتماع مسجد حرام اور مسجد نبوی میں ہوئے۔


ویب ڈیسک October 04, 2014
برطانیہ سمیت کئی یورپی ممالک میں حسب روایت 3 عیدیں منائی گئیں۔ فوٹو: فائل

QUETTA/KARACHI: سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک، مشرق وسطیٰ، افریقا، یورپ اور امریکا کے کئی ممالک میں گزشتہ روز عید الاضحیٰ منائی گئی۔

سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین، یمن اور عراق سمیت تمام خلیجی ممالک میں عیدالاضحٰی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ سعودی عرب میں نماز عید کے سب سے بڑے اجتماعات مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں ہوئے جس میں ہزاروں فرزندان اسلام نے نماز عید ادا کی، کعبۃ اللہ میں نماز عید کے اجتماع میں امامت کے فرائض ڈاکٹر سعود الشریم نے ادا کئے۔ اس موقع پر روح پرور مناظر دیکھنے کو ملے، مسلمانوں نے اللہ کے حضور خشوع خضوع سے دعا کی اور اپنے گناہوں کی معافی مانگی۔

متحدہ عرب امارات، یمن ، بحرین، عراق، اردن، فلسطین، شام، لبنان، قطر، مصر، الجزائر، لیبیا، تیونس، سوڈان، مالی، ماریطانیہ، تنزانیہ اور صومالیہ سمیت خلیجی اور افریقا کے تمام ممالک میں بھی ہفتہ کوعید الاضحیٰ منائی گئی اور فرزندان اسلام نے اللہ کی راہ میں مویشیوں کی قربانی کرکے حضرت ابراہیم اعلیہ الاسلام کی سنت کی اتباع کی۔ 33 برس بعد عید الاضحیٰ اور یہودیوں کا مذہبی تہوار ''یوم کپور'' ایک ہی روز منایا گیا جس کی وجہ سے مقبوضہ بیت المقدس میں بھاری تعداد میں صیہونی فوج تعینات تھی جبکہ مغربی کنارے کی سرحدوں کو 48 گھنٹوں کے لئے بند کردیا گیا ہے۔

برطانیہ سمیت کئی یورپی ممالک میں حسب روایت 3 عیدیں منائی گئیں، امریکا اور کینیڈا سمیت شمالی اور لاطینی امریکی ممالک میں آباد مسلمان بھی عیدالاضحیٰ کا تہوار ہفتہ اور اتوار کو منائیں گے۔

دوسری جانب عیدالاضحیٰ کے موقع پر امریکی صدر براک اوباما نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارک باد دی، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ عید کے تہوار پر غریبوں کی مدد کرنا اور ان کے دکھ بانٹنا مسلم روایات کا حصہ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں