کراچی ایئرپورٹ سے اڑنے والی غیرملکی ایئرلائن کے طیارے میں آگ لگ گئی متعدد افراد زخمی

کراچی سے دبئی جانے والی پروازنے جیسے ہی اڑان بھری تو اس کے انجن میں آگ لگ گئی جس کا دھواں طیارے کے اندرتک جا پہنچا


ویب ڈیسک October 04, 2014
دبئی جانے والی پرواز ’’ای کے 609 ‘‘میں 82 مسافر سوار تھے جنہیں بحفاظت ریسکیو کرکے ایئرپورٹ لاؤنچ منتقل کردیا گیا، فوٹو:ایکسپریس نیوز

جناح ٹرمینل پر غیر ملکی ایئرلائن کے طیارے میں آگ لگ گئی جس کے باعث طیارے کو ایمرجنسی لینڈنگ کے ذریعے اتار لیا گیا تاہم جان بچانے کی کوشش میں بعض مسافر معمولی زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی ایئرپورٹ کے جناح ٹرمینل سے دبئی جانے والی پروازنے جیسے ہی اڑان بھری تو اس کے انجن میں آگ لگ گئی جس کا دھواں طیارے کے اندر تک جا پہنچا، پائلٹ نے واقعے کے فوری بعد کنٹرول ٹاور سے رابطہ کرکے جہاز کو ایمرجنسی لینڈنگ کے ذریعے اتارلیا تاہم جہاز کے لینڈ کرتے ہی مسافروں کے دھکم پیل سے بعض افراد زخمی ہوگئے جنہیں ایئرپورٹ پر موجود طبی عملے نے فوری امداد فراہم کی۔

ذرائع کے مطابق دبئی جانے والی پرواز ''ای کے 609 ''میں 82 مسافر سوار تھے جنہیں بحفاظت ریسکیو کرکے ایئرپورٹ لاؤنچ منتقل کردیا گیا جبکہ فائر بریگیڈ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے طیارے کے انجن میں لگی آگ پر قابو پالیا۔

طیارے کی ایمرجنسی لینڈنگ کے بعد کراچی ایئرپورٹ پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی تھی جس کے باعث فضائی آپریشن جزوی طور پر متاثر ہوا جبکہ متاثرہ طیارے کی لینڈنگ کے بعد جناح ٹرمینل کے رن وے 25 ایل پر فضائی آپریشن بند کردیا گیا جس کے تحت لاہور جانے والی 2پروازیں بھی منسوخ کردی گئیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔