بالی ووڈ اسٹارز کی شادیاں جن کا انجام طلاق بنی

فلمی دنیا میں کسی بھی اسٹار کے لیے خواہ وہ مرد ہو یا عورت اپنی شادی کو برقرار رکھنا ایک مشکل عمل ثابت ہوتا ہے۔


نرگس ارشد رضا October 05, 2014
کرشمہ کپور نے بزنس مین سنجے کپور سے 2003 میں شادی کی تھی لیکن کئی بار روٹھنے اور منانے کے راحل سے گزرنے کے بعد یہ بندھن ٹوٹ گیا۔، فوٹو: فائل

کہا جاتا ہے کہ شادی کوئی گڈے گڑیا کا کھیل نہیں ہے۔اس لیے جب بھی کی جائے ہر طرح سے سوچ بچار اور چھان پھٹک کر ہی کی جائے، کیوں کہ یہ زندگی بھر کا معاملہ ہوتا ہے شادی کے بعد اگر دونوں فریقوں میں ذہنی ہم آہنگی نہ ہو اور دونوں مختلف وجوہات کی بنا پر ایک دوسرے کو برداشت کررہے ہوں تب یہ بندھن زندگی بھر چلنے سے پہلے ہی ختم ہوجاتا ہے۔ شادی وہ لڈو ہے جو کھائے پچھتائے جو نہ کھائے وہ بھی پچھتائے۔ فلمی دنیا میں کسی بھی اسٹار کے لیے خواہ وہ مرد ہو یا عورت اپنی شادی کو برقرار رکھنا ایک مشکل عمل ثابت ہوتا ہے۔

اس لیے بالی ووڈ میں شادی کے بعد جلد ہی طلاق ہوجانے کا رحجان بڑھنے لگا ہے۔ پچھلے وقتوں میں ایسی کئی مثالیں ملتی ہیں کہ ہیرو، ہیروئن نے آپس میں شادی کی اور پھر خواہ کیسے ہی حالات کیوں نہ گزرے ہوں انہوں نے اپنا ساتھ نبھایا ایسے رشتوں میں دلیپ کما ر اور سائرہ بانو، امیتابھ بچن اور جیہ بچن، شاہ رخ خان اور گوری کے علاوہ کئی اور اداکار، جیسے گووندا، انیل کپور، جیکی شیروف اور سنیل شیٹھی شامل ہیں، جو کام یاب ازدواجی زندگی گزار رہے ہیں۔ اس کے باوجود بالی ووڈ میں طلاقوں کا رحجان بڑھتا جارہا ہے۔ کئی نام ور اداکار اپنی بیویوں کو طلاق دے چکے ہیں اور دوسری شادی کرکے فی الوقت اچھی زندگی گزار رہے ہیں۔



سیف علی خان، امرتا سنگھ: بالی ووڈ کے نٹ کھٹ اداکار سیف علی نے پہلی شادی 1991میں اداکارہ امرتا سنگھ سے کی تھی۔ یہ ایک دھواں دار قسم کی لو اسٹوری تھی امرت اور سیف کے کیریر کا وہ ابتدائی دور تھا اور دونوں ہی کے کریڈٹ پر کچھ خاص فلمیں نہ تھیں ایک فلمی پارٹی میں دونوں کی ملاقات ہوئی اور شوخ سی امرتا، سیف کے دل کو بھا گئی۔ دونوں میں چوری چھپے ملاقاتیں شروع ہوگئیں اور ایک وقت آیا جب سیف نے امرتا سے شادی کا اعلان کردیا۔

اس بات نے سب کو حیران کردیا، کیوں کہ امرتا سیف سے عمر میں تیرہ سال بڑی تھی اور ہم مذہب بھی نہ تھی۔ اسی لیے سب ہی کا خیال تھا کہ سیف صرف دل لگی کررہا ہے، لیکن اس نے اعلان کردیا کہ وہ شادی کرے گا تو صرف امرتا سے، اس کے علاوہ کسی سے شادی نہیں کرے گا۔ یوں 1991میں ان کی شادی ہوگئی۔ شادی کے لیے امرتا مسلمان ہوئی تھی اور شادی کے تیرہ سال ایک ساتھ گزارنے کے 2004میں سیف نے امرتا کو طلاق دے دی۔ دونوں ہی نے طلاق کی کوئی خاص وجہ نہیں بتائی۔

البتہ یہ ضرور کہا جاتا رہا کہ برطانوی ماڈل روزا کیٹالونا کے ساتھ سیف کی بڑھتی ہوئی قرابت نے اس رشتے کو ختم کردیا۔ دونوں کے دو بچے ایک بیٹا ابراہیم اور بیٹی سارہ ہے۔ دونوں بچے سیف ہی کے پاس ہیں۔ امرتا سے طلاق کے بعد سیف نے بالی ووڈ کی نمبر ون اداکارہ کرینہ کپور سے شادی کرلی۔ کرینہ سیف سے پہلے شاہد کپور کے ساتھ رومانس کر چکی تھی۔



کرشمہ کپور اور سنجے کپور: ابھیشک بچن کے ساتھ منگنی ٹوٹنے کے بعد کرشمہ کپور نے بزنس مین سنجے کپور سے 2003 میں شادی کرلی تھی شادی کے ابتدائی دنوں میں سب کچھ ٹھیک چل رہا تھا۔ ان کے دو بچے سمائرہ اور کیان کے ساتھ دونوں ہی میرڈ لائف انجوائے کر رہے تھے کہ اچانک کرشمہ نے ممبئی شفٹ ہونے اور شوبز میں دوبارہ کام کرنے کا ارادہ کرلیا۔

سنجے اس بات کے خلاف تھا وہ نہیں چاہتا تھا کہ کرشمہ ممبئی منتقل ہو یا فلموں میں کام کرے، لیکن ضدی کرشمہ نے سنجے کی بات نہ مانی اور اس خواہش کے برخلاف نہ صرف ممبئی منتقل ہوگئی، بل کہ فلموں میں کام شروع کردیا۔ اس کے علاوہ کرشمہ سنجے سے ہر ماہ بھاری جیب خرچ کی ڈیماننڈ بھی کرتی تھی یہاں ہی سے دونوں کے درمیان شدید قسم کے اختلافات پیدا ہو گئے اور بات بڑھتے بڑھتے اتنی بڑھ گئی 2012 میں طلاق کی نوبت آگئی اور یوں یہ شادی اختتام کو پہنچی۔



ریتھک روشن اور سوزانے خان: ریتھک اور سوزانے کی آپس میں بے پناہ محبت اور انڈراسٹینڈنگ کی وجہ سے کوئی بھی یہ نہیں سوچ سکتا تھا کہ کبھی ان دونو ں کے بیچ میں نہ ختم ہونے والی جدائی بھی آجائے گی۔ ان کی لواسٹوری بالکل ایک فیری ٹیل جیسی محسوس ہوتی تھی۔ ان دونوں کی شادی کو تیرہ سال گزر چکے تھے اور ان کے دو بیٹے ہیریہان اور ہردیہان ہیں۔ دونوں نے نہایت خاموشی سے علحیدگی کا فیصلہ کیا اور 2013 دونوں ایک دوسرے سے الگ ہوگئے اور 2014 میں ان کی طلاق ہوگئی یہ بالی ووڈ میں سب ہی کے لیے ایک افسوس ناک تھی، کیوںکہ ان دونوں کو دیکھ کر کبھی کسی کے دل میں بھی یہ نہ آیا ہوگا ان کے درمیان طلاق ہوسکتی ہے۔



عامر خان اور رینا دتہ: دونوں بچپن کے نہ صرف گہرے دست تھے بلکہ ایک دوسرے کے پڑوسی بھی تھے۔ یہ بچپن کی دوستی وقت کے ساتھ پروان چڑھتی گئی اور بہت کم عمری ہی میں ان دونوں نے شادی کا فیصلہ کرلیا تھا۔ اپنی پہلی بلاک بسٹر فلم قیامت سے قیامت تک کی ریلیز سے پہلے عامر اور رینا شادی کر چکے تھے۔ یہ شادی 18اپریل 1986کو ہوئی تھی۔ شادی کے پندرہ سال کے بعد ان میں طلاق ہوگئی۔ 2001 میں یہ شادی ٹوٹ چکی تھی اور دونوں میں علیحدگی ہوگئی تھی۔

کورٹ کے ذریعے باقاعدہ طلاق 2002 میں ہوئی۔ ان کے دو بچے آئرہ خان اور جنید خان ہیں۔ عدالت میں طلاق کی وجہ یہ بتائی گئی کہ دونوں میں اب ذہنی ہم آہنگی نہیں رہی اور دونوں ہی ایک دوسرے کے لیے ناقابل برداشت ہوچکے ہیں، جب کہ حقیقت تو یہ تھی فلم دل چاہتا ہے کی ریلیز کے بعد عامر اور پریتی زنٹا کے افیئر نے رینا کو دل برداشتہ کر ڈالا۔ اس کے بعد لگان کی اسسٹنٹ ڈائرکٹر کرن راؤ کے ساتھ عامر کی بڑھتی ہوئی قربت نے رینا کو اس سے الگ کردیا۔ کورٹ نے دونوں بچے ماں کی تحویل میں دے دیے، جب کہ عامر کو کورٹ کے آرڈر کے تحت ہفتے میں تین بار بچوں سے ملنے کی اجازت ہے۔ طلاق کے بعد عامر نے کرن سے دوسری شادی کرلی۔



سنجے دت اور ریہاپلائی: بالی ووڈ کے منا بھائی سنجے دت نے ماڈل کم اداکارہ ریہا پلائی سے 1999میں شادی کی۔ اس سے پہلے سنجے ایک شادی کرچکا تھا اور اس کی پہلی بیوی کینسر کے عارضے میں مبتلا ہو کر دنیا چھوڑ گئی تھی۔ تب سنجے نے ایک زبردست افیئر کے بعد ریہا سے شادی کی، لیکن جلد ہی دونوں ایک دوسرے سے بیزار ہوگئے۔ چھوٹی چھوٹی باتوں پر جھگڑے ہونے لگے۔ دونوں میں ذہنی ہم آہنگی کا فقدان تھا۔ نتیجہ یہ نکلا کہ سنجے نے خود کو فلموں میں مصروف کرلیا اور ریہا نے آرٹ کلاسز جوائن کرلیں، لیکن جب غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے جرم میں سنجے دت کو گرفتار کیا گیا تب ریہا نے اس سے طلاق کا مطالبہ کردیا۔ 2002 میں ان کے درمیان علیحدگی ہوچکی تھی۔ اس کے بعد سنجے نے آئٹم گرل مانیتا سے شادی کرلی۔ اب ان کے دو جڑواں بیٹے ہیں۔



کمل ہاسن اور ساریکا: ساؤتھ کے سپراسٹار کمل ہاسن اور بالی ووڈ کی نیلی آنکھوں والی حسینہ ساریکا نے جب شادی کی تو یہ سب ہی کے لیے شاکنگ نیوز تھی، کیوں کہ کمل ہاسن نہ صرف پہلے سے شادی شدہ تھے بل کہ عمر میں بھی ساریکا سے خاصے بڑے تھے۔ ساریکا نے کمل سے شادی کے لیے یہ شرط رکھی کہ وہ اپنی پہلی بیوی کو طلاق دے اور انہوں نے اپنی پہلی بیوی وینی گنپتی کو طلاق دے دی ساریکا اور کمل نے شادی کرلی ان کی دو بیٹیاں شروتی ہاسن اور آکشرا ہاسن ہیں شروتی نے کچھ فلموں میں کام بھی کیا لیکن وہ کچھ خاص کام یابی حاصل نہ کر پائی، جب کہ ان کی دوسری بیٹی آکشرا ایکٹنگ اور ڈائرکشن کا کورس کر رہی ہے۔

ساریکا اور کمل میں علیحدگی کا فیصلہ اس وقت ہوا جب کمل نے اپنے سے بائیس سال چھوٹی ساؤتھ انڈین اداکارہ سمرن سے پیار اور قربت کے تعلقات استوار کرلیے۔ ساریکا نے اس بات کو ایشو بناکر 2004 میں عدالت کے ذریعے طلاق حاصل کرلی۔ ساریکا نے طلاق کے بعد فلموں میں دوبارہ کام شروع کردیا ہے۔



منیشاکوئرالہ اور سمراٹ دہال: نیپالی نژاد بالی ووڈ اداکارہ منیشا کوئرالہ کا شمار انڈسٹری کی اپنے دور کی کام یاب اور بہترین اداکاراؤں میں کیا جاتا ہے۔ منیشا نے انڈسٹری میں بہت اچھا وقت گزارا، لیکن جب ان کی مصروفیات کم ہوگئیں۔ تب انہوں نے شادی پلان کی اور بزنس میں سمراٹ دہال سے 2010 میں شادی کرلی۔ یہ کام یاب شادی ثابت نہ ہوسکی۔ اس کی بنیادی وجہ خود منیشا ہی تھیں، کیوںکہ ان کی فطرت میں ایک جگہ ٹکنا نہیں ہے۔

وہ خود کو ایک جگہ پابند نہیں کرسکتی تھیں۔ سمراٹ نے کوشش کی کہ کسی طرح وہ منیشا کے مزاج کو سمجھ لے لیکن دونوں ہی کا حد سے زیادہ متضاد رویہ ان کے درمیان دوری کا باعث بنا اور دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی۔ 2012 میں منیشا نے دوبارہ فلم انڈسٹری جوائن کرلی اور کچھ فلموں میں کام بھی کیا آج کل منیشا کوئرالہ امریکا میں اپنے کینسر کا علاج کرارہی ہیں۔



روینہ ٹنڈن اور اکشے کمار: بالی ووڈ کے ان دونوں اسٹارز کے بارے میں تقریباً سب ہی جانتے ہیں کہ اپنے عروج کے دور میں روینہ کا اکشے سے زبردست رومانس شروع ہوا تھا اور ان دونوں نے منگنی بھی کرلی تھی، لیکن یہ بات بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ ان دونوں نے خفیہ شادی کرلی تھی، لیکن شادی کے چند ماہ بعد ہی اکشے کا ٹوئنکل کھنہ سے افیئر شروع ہوا اور اکشے ٹوئنکل سے شادی کی حد تک سنجیدہ ہوگیا۔ تب اس نے روینہ سے درخواست کی کہ وہ اسے طلاق دے دے۔ اس طرح یہ شادی چند ماہ ہی چل سکی اکشے اور ٹوئنکل خوش گوار زندگی گزار رہے ہیں۔



سری دیوی اور متھن چکرورتی: اسی اور نوے کے دہائی میں فلم انڈسٹری پر راج کرنے والی اداکارہ سری دیوی اپنے پورے فلمی کیریر میں بہت محتاط رہی حالاںکہ میڈیا نے اسے کئی اسٹارز کے ساتھ نتھی کرنے کی کوشش بھی کی لیکن اس نے کبھی کسی بات یا افواہ پر کان نہیں دھرے، لیکن متھن کے معاملے میں سری دیوی سے چوک ہوگئی۔

ان دونوں میں محبت کے تعلقات پروان چڑھنا شروع ہوئے سری دیوی نہیں چاہتی تھی کہ اس افیئر کی بھنک بھی میڈیا والوں کو ملے۔ اس لیے اس کے بے حد اصرار پر متھن نے اس سے خفیہ شادی کی یہ شادی بہ مشکل ایک سال چلی، کیوںکہ متھن اپنی پہلی بیوی کو طلاق نہیں دینا چاہتا تھا اور سری دیوی چاہتی تھی کہ وہ اپنی پہلی بیوی کو طلاق دے تب وہ اپنی شادی کا اعلان کریں، لیکن متھن نے ایسا نہ کیا اور سر ی دیوی نے اسے طلاق دے کر بونی کپور سے شادی کرلی۔



جاوید اختر اور ہنی ایرانی: بالی ووڈ کے سب سے زیادہ کام یاب نغمہ نگار اور کہانی نویس جاوید اختر نے اپنی پہلی بیوی ہنی ایرانی کو طلاق دے دی تھی ان کے دو بچے زویا اور فرحان اختر ہیں۔ جاوید اور ہنی میں طلاق کی وجہ جاوید اختر کا شبانہ اعظمی کی طر ف جھکاؤ تھا۔ جاوید نے ہنی کو طلاق دے کر شبانہ سے شادی کرلی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں