منتخب ٹیکس گزاروں کا آڈٹ عید کے بعد شروع کرنے کا فیصلہ

ایف بی آر نے قرعہ اندازی سے 77 ہزار 500 ٹیکس دہندگان کو آڈٹ کیلیے منتخب کیا تھا

سال2012 کیلیے منتخب 90 فیصد کا آڈٹ مکمل، 17 ارب کی ڈیمانڈ، 3 ارب ریکور ہوئے، ذرائع فوٹو: فائل

ایف بی آر نے گزشتہ ماہ بے ترتیب قرعہ اندازی کے ذریعے آڈٹ کے لیے منتخب ہونے والے 77 ہزار500 ٹیکس دہندگان کا عیدالاضحی کے بعد آڈٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔


ایف بی آر کے سینئر افسر نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت تقریب میں بے ترتیب قرعہ اندازی کے ذریعے آڈٹ کیلیے منتخب ہونے والے77 ہزار500 ٹیکس دہندگان کی فہرستیں فیلڈ آفسز کو بھجوادی ہیں، ان فہرستوں کے ہمراہ ٹیکس دہندگان کے بارے میں معلومات پر مبنی سی ڈیز بھی بھجوائی گئی ہیں جس میں متعلقہ مواد اور ریکارڈ فراہم کیا گیا ہے جو آڈٹ کیلیے سود مند ہوگا۔ مذکورہ افسر نے بتایا کہ کارپوریٹ سیکٹر کے1876 ٹیکس دہندگان جبکہ نان کارپوریٹ سیکٹر سے تعلق رکھنے والے 30 ہزار505 ٹیکس دہندگان کا انکم ٹیکس آڈٹ کیا جارہا ہے جبکہ 12 ہزار505 سے زائد ٹیکس دہندگان کا سیلز ٹیکس آڈٹ اور 69 کے لگ بھگ ٹیکس دہندگان کا فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کا آڈٹ کیا جارہا ہے۔

ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ آڈٹ پالیسی 2013 کے ذریعے ٹیکس ایئر 2012 کیلیے کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی سے 40 ہزار ٹیکس دہندگان کو منتخب کیا گیا تھا اور ان میں سے 90 فیصدکا آڈٹ مکمل ہوچکا، 17 ارب روپے سے زائد کے ٹیکس واجبات کی ڈیمانڈ کے لیے آرڈرز جاری ہوئے جن کی اب ریکوری بھی شروع ہو گئی ہے اور اب تک 3 ارب روپے سے زائد کی ریکوری ہوچکی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکس ایئر 2013 کے آڈٹ کیلیے منتخب 77 ہزار500 ٹیکس دہندگان مجموعی ٹیکس دہندگان کا 12 فیصد ہیں، اس سال آڈٹ کے ذریعے 50 ارب روپے کے ٹیکس ریونیو کی ڈیمانڈ کی توقع ہے۔
Load Next Story