مختلف موضوعات پر فلموں کے رجحان سے فلم انڈسٹری تیزی سے بحال ہو رہی ہے عمائمہ ملک

جدید ٹیکنالوجی کیساتھ پڑھے لکھے لوگوں نےانڈسٹری کی کمانڈ سنبھال لی،یہی لوگ پاکستانی فلم کوعالمی مارکیٹ میں لے جائیں گے


Qaiser Iftikhar October 05, 2014
عیدالاضحی پر بہترین پاکستانی فلمیں امپورٹڈ فلموں کی چھٹی کرا دیں گی، شان کے ساتھ کام کا تجربہ بہت اچھا رہا، ’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگو۔ فوٹو: فائل

معروف اداکارہ وماڈل عمائمہ ملک نے کہا ہے کہ پاکستانی فلم انڈسٹری کی بحالی تیزی سے ہورہی ہے۔

ہمارے ہاں اچھے اورمختلف موضوعات پر فلمیں بنانے کا رجحان فروغ پا رہا ہے اوراس کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی سے بننے والی فلموں کی وجہ سے اب سینما گھروں کی رونق بڑھنے لگی ہے، جو بہت خوش آئند ہے۔ اب پڑھے لکھے لوگ پاکستان فلم انڈسٹری کی کمانڈ سنبھال چکے ہیں اوریہی لوگ پاکستانی فلم کو انٹرنیشنل مارکیٹ تک لے کر جائینگے۔ ان خیالات کا اظہار عمائمہ ملک نے ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ اچھوتے اورمنفرد کردار کرنے کوترجیح دی ہے۔

مجھے آئے دن فلموں میں اورڈراموں میں کام کرنے کی پیشکش ہوتی رہتی ہیں لیکن مجھے تعداد پرنہیں بلکہ معیاری کام پراپنی توجہ مرکوزرکھنی ہے۔ پاکستان میں اچھے پراجیکٹ کے ساتھ بھارت میں بھی کچھ نئے اوربہترین پراجیکٹ سائن کرلیے ہیں لیکن اس حوالے سے معاہدے کے مطابق فی الحال کچھ نہیں بتاؤں گی، بس اتنا کہنا چاہتی ہوں کہ فنکارکسی سرحد کا محتاج نہیں ہوتا۔ اس کی فنی صلاحیتیں اسے لوگوں کے دلوں پرراج کرنے کا حقدارٹھہراتی ہیں۔ اس لیے جو لوگ اپنے کام میں حقیقت کے رنگ بھرتے ہیں، وہی لوگوں کے دل ودماغ پرراج کرپاتے ہیں اسی لیے میں نے پاکستان میں بھی جو پراجیکٹ سائن کیے ہیں۔

ان میں اپنے کردار کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کو حقیقت کے قریب ترکرنے کی کوشش کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ فلم اسٹار شان کے ساتھ ایک فلم میں کام کیا ہے، وہ بھی میرے چاہنے والوں کے لیے ایک سرپرائز ہے مگرشان جیسے باصلاحیت اداکارکے ساتھ کام کرنے کاتجربہ بہت اچھا رہا' وہ بہتر پروفیشنل اورسپورٹنگ ہے اس لیے ہم مستقبل میں بھی ایک ساتھ کام کرینگے۔

ایک سوال کے جواب میں عمائمہ ملک نے کہا کہ عیدالاضحی پر پاکستانی سینما گھروںمیں بہترین فلمیں نمائش کے لیے پیش کی جارہی ہیں۔ خاص طور پراس مرتبہ عید کے موقع پر پاکستانی سینما گھروں میں جہاں امپورٹ قوانین کے تحت بالی ووڈ اسٹارز کی فلم نمائش کے لیے پیش کی جائے گی وہیں پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی سے بننے والی فلمیں بھی سینما گھروں کی زینت بنیں گی' مجھے امید ہے کہ پاکستانی فلمیں اس مرتبہ بہترین پکچرائزیشن، موضوع اور فنکاروں کی جاندار اداکاری وجہ سے امپورٹڈ فلموں کی چھٹی کروادے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں