منشیات اور کچی شراب بیچنے والوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن کے لیے ایکسائزپولیس کوہدایات جاری،کچی شراب کے کاروبار۔۔۔،صوبائی وزیرایکسائزاینڈٹیکسیشن

صوبے کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کاسخت بندوبست اور منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے جائیں، غفلت برتنے والے افسران کیخلاف سخت کارروائی ہوگی۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
حکومت سندھ نے صوبے بھر میں کچی شراب اور منشیات فروخت کرنے والے گروہوں کے خلاف منظم انداز میں کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے۔

جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن کے لیے ایکسائز پولیس کوہدایات جاری کردی گئی ہیں، اس بات کا فیصلہ صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مکیش کمارچاؤلہ کی صدارت ہونے والے اعلیٰ سطحیٰ کے اجلاس میں کیا گیاجس میں محکمہ ایکسائز اور ایکسائز پولیس کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی، اجلاس میں متعلقہ افسران نے صوبائی وزیرایکسائز کوجرائم پیشہ عناصرکی سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔


صوبائی وزیر نے حیدرآباد میں کچی شراب پینے سے ہونے والی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا اور واضح کیا کہ کچی شراب کے کاروبار میں ملوث عناصر کو بخشا نہیں جائے گا، کچی شراب اورمنشیات فروخت کرنے والے عناصراپنے گھناؤنے کاروبار کے ذریعے نوجوان نسل کو تباہ کرنا چاہتے ہیں جس کی انھیں ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی ،حکومت سندھ صوبے کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے پرعزم ہے اور اس حوالے سے ایکسائز کے محکمہ کو ہر ممکن اور جدید سہولتیں فراہم کی جائیں گی، انھوں نے ایکسائز پولیس کو ہدایت کی کہ اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث ملزمان کی فہرستیں مرتب کی جائیں اور ان کے ٹھکانوں پر چھاپے مارکر گھناؤنے کاروبار میں ملوث ملزمان کوفوری گرفتار کیا جائے اور ان گروہوں کا قلع قمع کیا جائے ،کریک ڈاؤن کا دائرہ کارکراچی سمیت صوبے بھرمیں ہوناچاہیے۔

صوبے کے داخلی اورخارجی راستوں پر چیکنگ کا سخت بندوبست کیا جائے اور منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے دیگرمتعلقہ اداروں سے مل کر مربوط لائحہ عمل تیار کیا جائے، منشیات کے خاتمے کے لیے محکمہ ایکسائز آگہی مہم بھی چلائے اور عوام میں یہ شعور اجاگر کیا جائے کہ نشہ آور اشیا نہ صرف مضرصحت ہیں بلکہ معاشرے کی تباہی کا باعث بھی بن رہی ہیں۔

صوبائی وزیر مکیش کمار چاؤلہ نے ایکسائز پولیس کو ہدایت کی ہے کہ کراچی کے 6 اضلاع میں کچی شراب کی تیاری میں ملوث عناصرکوقانون کی گرفت میں لایا جائے جبکہ حیدرآباد سمیت دیگراضلاع میں بھی اس قسم کے غیر قانونی اور انسانی جانوں سے کھیلنے والے عناصر کی کی بیخ کنی کے لیے موثراقدامات کیے جائیں کوتاہی کے مرتکب افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، حیدرآباد میں کچی شراب کے پینے سے ہلاکتیں افسوس ناک عمل ہے اس طرح کے واقعات کسی صورت قابل برداشت نہیں ہیں، انھوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں نظر رکھیں اور اس طرح کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف فوری طور پر ایکسائیز پولیس کو آگاہ کیا جائے۔
Load Next Story