دولت کے پجاری ایشیائی بورڈز کو آئینہ دکھا دیا گیا

لالچ سے کھیل کا خون ہورہا ہے، ایشین گیمز میں کرکٹ ٹیمیں نہ بھیجنے پر او سی اے کے صدر کی بھارت اور پاکستان پر تنقید


Sports Desk October 05, 2014
لالچ سے کھیل کا خون ہورہا ہے، ایشین گیمز میں کرکٹ ٹیمیں نہ بھیجنے پر او سی اے کے صدر کی بھارت اور پاکستان پر تنقید۔ فوٹو : فائل

DUBAI: اولمپک کونسل آف ایشیا نے دولت کے پجاری ایشیائی کرکٹ بورڈز کو آئینہ دکھا دیا، صدر شیخ احمد الفہد الصباح کے مطابق لالچ سے کھیل کا خون ہورہا ہے۔

ایشین گیمز میں ٹاپ ٹیمیں نہ بھیج کر نئے ممالک میں کرکٹ کو فروغ دینے کا موقع گنوادیا گیا، کھیل کو فروغ دینے کے بجائے نفع نقصان کی فکر ہوتی ہے، لوگوں کو سمجھنا ہوگا کہ کرکٹ ان کا کوئی ذاتی کھلونا نہیں ہے،لوگوں کے کھیل کو ان تک پہنچانا ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق کرکٹ کو دوسری مرتبہ ایشین گیمز کا حصہ بنایا گیا مگر اس میں روایتی رنگ دکھائی نہیں دیا۔

2010 کے گوانگزو گیمز کی طرح اس بار بھی سوائے بنگلہ دیش کے اور کسی نے بھی اپنا مضبوط اسکواڈ ایونٹ میں نہیں بھیجا۔ پاکستان کی جانب سے چار برس قبل ٹیم چین بھیجی گئی تھی لیکن اس بار اس نے بھی بھارت کی طرح اپنا مینز اسکواڈ گیمز میں نہیں بھیجا، اوسی اے کے صدر شیخ احمد الفہد نے ان بورڈز کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے دولت کا پجاری قرار دیا، انھوں نے کہا کہ کرکٹ کے ٹاپ آفیشلز دراصل کاروباری لوگ دکھائی دیتے ہیں، وہ کھیل کے فروغ سے زیادہ دولت اور مارکیٹ پر کنٹرول حاصل کرنا چاہتے ہیں، ان کی خواہش ہے کہ ٹاپ ایتھلیٹس کو خود تک محدود رکھیں، یہ کھیل نہیں بلکہ کاروبار ہے۔

شیخ احمد نے کہا کہ بڑے بورڈز کرکٹ کوکھیل سے زیادہ بزنس کے طور پر دیکھتے اور دراصل یہ لوگ کھیل کا قتل کررہے ہیں، مجھے امید ہے کہ مستقبل میں انھیں محسوس ہوگا کہ بچے کی طرح اس کھیل کو سینے سے چمٹائے رکھنا درست نہیں، یہ ان کا کوئی ذاتی کھلونا نہیں بلکہ لوگوں کا کھیل ہے اور ان تک پہنچانا ہوگا۔ کویت سے تعلق رکھنے والے شیخ احمد نے مزید کہا کہ دولت پر توجہ کی وجہ سے کھیل کے فروغ پر توجہ ہی نہیں دی گئی اس لیے یہ سابق برطانوی کالونیوں سے باہر نہیں نکل پایا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں