حکمران جارہے ہیں اور بحران بھی جلد ختم ہوجائے گا چوہدری شجاعت حسین

وسط مدتی انتخابات سے متعلق اس وقت کچھ نہیں کہہ سکتا، صدر مسلم لیگ (ق)


ویب ڈیسک October 05, 2014
حمزہ شہباز وہ وقت یاد رکھیں جب وہ اڈیالہ جیل میں تھے اور ان کا فرمائشی کھانا ہمارے گھر سے جاتا تھا۔ چوہدری شجاعت فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ حکمران جارہے ہیں اور ملک کو درپیش موجودہ بحران جلد ختم ہوجائے گا۔

لاہور میں سابق صدر آصف علی زرادری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ حمزہ شہباز ابھی اتنے بڑے نہیں ہوئے کہ کسی کے بارے میں بات کریں،انہیں وہ وقت یاد رکھنا چاہیئے جب وہ اڈیالہ جیل میں تھے اور ان کا فرمائشی کھانا ہمارے گھر سے جاتا تھا،پرویز مشرف کے دور میں 4 برس تک یہاں کس طرح کاروبار کرتے رہے اور ان کی شوگر ملیں کس طرح چلتی رہیں وہ ہم جانتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ وسط مدتی انتخابات سے متعلق اس وقت کچھ نہیں کہہ سکتے لیکن قوم فکرمند نہ ہو، حکومت بھی جائے گی اور بحران بھی جلد ختم ہوجائے گا۔

اس موقع پر چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ق) اور پیپلز پارٹی اتحادی بھی رہ چکے ہیں اور اس کے علاوہ آصف زرداری کچھ عرصہ قبل ان کی رہائش گاہ پر بھی آئے تھے اس لئے ان سے سیاست کے علاوہ بھی ایک تعلق قائم ہے، آصف زرداری نے اپنے گھر ملاقات کی دعوت دی تھی جس پر وہ آئے تھے، ملاقات کے دوران ملک کے درپیش ہر مسئلے پر تفصیلی بات ہوئی ہے، آصف زرداری بھی ملک کی موجودہ صورتحال اور معیشت کے حوالے سے بہت فکر مند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور پاکستان عوامی تحریک کے درمیان چند روز قبل جو غلط فہمی پیدا ہوئی تھی جلد ہی وہ ختم ہوجائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔