سلاد رائتے اور چٹنیاں

ذائقے بھی دوبالا اور صحت بھی رواں


سویرا فلک October 06, 2014
ذائقے بھی دوبالا اور صحت بھی رواں۔ فوٹو: فائل

عیدالاضحی اور اس کے بعد بھی پورے مہینے گوشت کے خصوصی اور چٹ پٹے پکوانوں پر زور دیتا ہے۔ دعوت کے علاوہ گھر کے روزمرہ پکوانوں میں بھی بریانی، نہاری، کباب اور تکوں کی فرمائش زوروں پر رہتی ہے۔

ان لذت بھرے کھانوں سے خود کو روکنا تو ممکن نہیں، تاہم ان کے باعث معدے پر پڑنے والے بوجھ کو کچھ کم ضرور کیا جاتا ہے، کیوں کہ بعض اوقات مستقل ثقیل اور چٹ پٹے کھانے سے طبیعت میں گرانی پیدا ہونے لگتی ہے، جو صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔ ایسے میں سلاد، رائتے اور چٹنی کی دسترخوان پر موجودگی کھانے کو صحت بخش بناتی ہے کیوں کہ یہ غذا کو ہضم ہونے میں مدد دیتی ہے۔ ذیل میں چند آسان اور مزے دار سلاد، رائتے اور چٹنیوں کی تراکیب پیش خدمت ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ عید الاضحیٰ کہ موقع پر خاصی مفید ثابت ہوں گی۔

اورنج، پائن ایپل سیلڈ

اجزا:

کھیرا (ایک عدد)، گاجر (ایک عدد)، پائن ایپل کیوب (ایک چھوٹا ٹن)، اورنج جوس (پائو پیالی)، پسی ہوئی نمک،کالی مرچ (حسب ذائقہ)

ترکیب:

کھیرا اور گاجر چھیل کر چوکور ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔ پھر پائن ایپل کے ٹکڑوں کو سیرپ سے نکال کر کھیرے اور گاجر کے ساتھ ملا لیں۔ اب اورنج جوس، نمک اور کالی مرچ شامل کر کے زینت دسترخوان کریں۔

زیرے کا رائتہ

اجزا:

دہی (ایک پاؤ)، سفید زیرہ ثابت (ایک چائے کا چمچا)، کُٹی ہوئی کالی مرچ (دو چٹکی)، نمک (حسب ذائقہ)

ترکیب:

زیرے کو خشک توے پر بھون کر ٹھنڈا کریں اور پاؤڈر بنالیں، پھر دہی اچھی طرح پھینٹ کر اس میں زیرہ، نمک اور کُٹی ہوئی کالی مرچ شامل کر کے ملا لیں اور عید کے لذیذ پکوانوں کے ساتھ نوش کریں۔ یہ رائتہ بہت مزے دار اور ہاضم ہوتا ہے۔

کھوپرے کی چٹنی

اجزا:

ہرا دھنیا (ایک گڈی)، پودینہ (آدھی گڈی)، ثابت لہسن (دوجوے)، پسا ہوا کھوپرا (ایک پیالی)، املی کا رس (آدھی پیالی)، ہری مرچیں تین عدد، نمک (حسب ذائقہ)

ترکیب:

ہرا دھنیا اور پودینہ کی پتیاں توڑ کرصاف پانی سے دھو لیں۔ پھر تمام اجزا کو ملا کر گرینڈ کرلیں اور شیشے کی بوتل میں بھر کر فریج میں محفوظ کر لیں۔ پودینہ اور املی دونوں ہی ہاضمے کے لیے بہترین ہیں۔ یہ چٹنی آپ تین دن تک بہ آسانی استعمال کر سکتی ہیں۔

کشمیری رائتہ

اجزا:

دہی (ایک پیالی)، کشمش اور بادام (12، 12 دانے)، اخروٹ (چھے عدد)، شہد (1 کھانے کا چمچا)

ترکیب:

دہی کو اچھی طرح پھینٹ لیں اور شہد شامل کر کے ملا لیں۔ کشمش کو دھو لیں اور چھلنی میں رکھ دیں۔ بادام اور اخروٹ کو موٹا موٹا کوٹ لیں، پھر تینوں میوہ جات کو دہی میں ملا دیں اور خوب ٹھنڈا کر کے پیش کریں۔ آپ یہ رائتہ بطور سوئیٹ ڈش بھی پیش کر سکتی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں