کورنگی اور اورنگی ٹاؤن میں شہریوں کے تشدد سے 4 ڈاکو ہلاک

اورنگی ٹاؤن میں لوٹ مار کے دوران مکینوں نے 2 ڈاکوؤں کو پکڑ لیا، ملزمان پر تشدد کے بعد پٹرول چھڑک کر آگ لگانے کی۔۔۔

کوسٹ گارڈ چورنگی کے قریب 2 ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کررہے تھے، نوجوان کے شور مچانے پر مکینوں نے 2 ڈاکوؤں کو گھیر کر تشدد کا نشانہ بنایا۔ فوٹو: فائل

اورنگی ٹاؤن اور کورنگی میں شہریوں نے لوٹ مار کرنے والے 4 ملزمان کو تشدد کا نشانہ بنا کر ہلاک کردیا، اورنگی ٹاؤن میں ملزمان کو پٹرول چھڑک کر آگ لگانے کی بھی کوشش کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن سیکٹر 14/G شاہ فیصل محلہ مرتضیٰ مسجد کے قریب واقع المہران جنرل اسٹور میں2 ملزمان لوٹ مار کی نیت سے داخل ہو ئے، اسٹور پر تعینات سیکیورٹی گارڈ نے ملزمان پر فائرنگ کردی، فائرنگ کی آواز سن کر علاقہ مکینوں کی بڑی تعدادجمع ہو گئی اور ملزمان کو گھیرلیا۔

ملزمان نے اپنے آپ کو شہریوں کے گھیرے میں دیکھ کر فائرنگ شروع کردی گولیاں ختم ہو نے کے بعد مشتعل شہری ملزمان پر ٹوٹ پڑے اور بدترین تشدد کا نشانہ بنایا، مشتعل افراد پٹرول کی بوتل بھی لے آئے اور ملزمان پر ڈال کر آگ لگانے کی کوشش کی تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر دونوں ملزمان کو شہریوں کے چنگل سے چھڑا کر تشویشناک حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا جہاں دونوں ملزمان دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئے۔


پولیس کے مطابق ہلاک ہونیوالے ملزمان کی شناخت فرحان عرف زہریلا اور وسیم کے نام سے کر لی گئی ، ہلاک ہونیوالے ملزمان کے قبضے سے 2 پستول اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی ، ملزمان اورنگی ٹاؤن کے رہائشی اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاشوں کو ورثا کے حوالے کردیا ہے۔

عوامی کالونی کے علاقے کورنگی نمبر 4 کوسٹ گارڈ چورنگی کے قریب 2 ملزمان شہریوں سے لوٹ مارکررہے تھے کہ ایک شہری نے شور مچادیا جس پر علاقہ مکین جمع ہو گئے اور ملزمان کو گھیر لیا ملزمان نے فرار کی کوشش میں ہوائی فائرنگ کی تاہم شہریوں نے مقابلے کے بعد ملزمان کو پکڑ لیا ، مشتعل شہریوں نے ملزمان کو پکڑنے کے بعد بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔

پولیس نے ملزمان کو جناح اسپتال منتقل کیا جہاں پر دونوں ملزمان ہلاک ہو گئے، ملزمان کی شناخت بلال اور عبد اﷲ کے نام سے کر لی گئی ، ملزمان کورنگی سیکٹر 50/C کے رہائشی اور عادی مجرم ہیں ، ملزمان کے قبضے سے پستول اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہے ۔
Load Next Story