میرے کارکنوں کو آنچ بھی آئی تو الطاف انکل کا جینا حرام کردوں گا بلاول بھٹو زرداری

نواز شریف نےکبھی بلی کابچہ بھی قربان نہیں کیا اورعمران خان نے وزیراعظم بننے کے لئے شادی قربان کردی، بلاول بھٹو زرداری

پیپلز پارٹی خاندانی سیاست کرتی ہے اور کرتی رہے گی, بلاول بھٹو زرداری فوٹو: فائل

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ الطاف انکل اپنے نامعلوم افراد کو سنبھال کر رکھیں اگر ان کے کارکنوں پر آنچ بھی آئی تو لندن پولیس کیا وہ ان کا جینا حرام کردیں گے۔

بلاول ہاؤس کراچی میں عید الضحیٰ کی نماز کے بعد کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم بینظیر بھٹو کے جیالے ہیں، ہم تو میدان جنگ میں پیدا ہوتے ہیں، پیپلز پارٹی نے جمہوریت کے لئے قربانیاں دیں ہیں، ذوالفقارعلی بھٹو نے جمہوریت کے لئے پھانسی کے پھندے کو چوما جبکہ ان کے بیٹوں مرتضیٰ بھٹو اور شاہنواز بھٹو کو آمروں کے اشارے پر قتل کیا گیا، نواز شریف نے جلاوطنی کاٹی ہوگی لیکن انہوں نے زندگی میں شیر تو کیا بلی کا بچہ بھی قربان نہیں کیا، انہوں نے کہا کہ کوئی کھلاڑی انگلی کٹوا کر شہیدوں میں نام درج نہیں کراسکتا، عمران خان نے پرویز مشرف کا وزیراعظم بننے کے لئے اپنی شادی قربان کردی، ان کی 7 روز کی نظر بندی کوئی قربانی نہیں، عمران خان کو سیاست سیکھنی ہو تو بھٹو سے سیکھیں، ہمیں کرکٹ سیکھنی ہوگی تو ان سے سیکھیں گے۔


بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کچھ لوگ نے خاندانی سیاست کی رٹ لگارکھی ہے، پیپلز پارٹی خاندانی سیاست کرتی ہے اور کرتی رہے گی کیونکہ پوری پیپلز پارٹی ہی ایک خاندان کی طرح ہے، پیپلز پارٹی کا ہر کارکن بھٹو ہے، یوسف رضا گیلانی مخدوم ہونے کی وجہ سے نہیں بلکہ بھٹو ہونے کی وجہ سے وزیر اعظم بنے، پارٹی کارکن راجہ پرویز اشرف کو وزیر اعظم بنایا کیونکہ وہ بھی بھٹو ہیں اور اگلا وزیر اعظم بھی بھٹو ہوگا۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ وہ پاکستانی شہری ہیں،انہیں سیاست سے کوئی نہیں روک سکتا، چاہے وہ اکیلے ہوں یا ہزاروں لوگ ان کے ساتھ ہوں وہ 18 اکتوبر کو مزارِ قائد جا رہے ہیں۔ چوہدری نثارعلی خان خود کو وزیراعظم سمجھنا چھوڑ دیں ۔ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہر شہری کو یکساں طور پر تحفظ فراہم کریں، الطاف انکل اپنے نامعلوم افراد کو سنبھالیں، اگر ان کے کارکنوں پر ایک آنچ بھی آّئی تو لندن پولیس کیا وہ ان کا جینا حرام کردیں گے۔
Load Next Story