ملک کی ترقی کا راستہ روکنے والوں کی سازشیں ناکام ہوں گی وزیراعظم

ملک کے مسائل کے حل کے لئے حکومت کی نیت نیک ہےجب کہ بجلی کے بحران کو اپنی مدت میں ختم کرنے کی کوشش کریں گے، نوازشریف


ویب ڈیسک October 06, 2014
ترقی کا پہیہ روکنے والوں کو شکست ہوچکی ہے اور ایک روز انہیں خود بھی اپنے کئے کا احساس ہوگا، وزیراعظم فوٹو: ایکسپریس نیوز

KARACHI: وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ ترقی کا راستہ روکنے والوں کو شکست اور ان کی سازشیں ناکام ہوں گی جب کہ آئندہ انتخابات میں انہیں ووٹ بھی نہیں ملیں گے۔

نارووال میں سیلاب متاثرین سے خطاب کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جھنگ اور چنیوٹ میں سیلاب سے سب سے زیادہ تباہ کاریاں ہوئیں، وفاقی اورپنجاب حکومت سیلاب متاثرین کے غم میں برابر کی شریک ہے، اسی لئے وہ اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اپنی عید متاثرین سیلاب کے ہمراہ منارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا معاوضہ ادا کرے گی، اس سلسلے میں ہر متاثرہ خاندان کو 25 ہزار روپے کی پہلی قسط ادا کی جاچکی ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملک کے مسائل کے حل کے لئے حکومت کی نیت نیک ہے،بجلی کے بحران کو اپنی مدت میں ختم کرنے کی کوشش کریں گے، ترقی کا پہیہ روکنے والوں کو شکست ہوچکی ہے اور ایک روز انہیں خود بھی اپنے کئے کا احساس ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقی کا راستہ روکنے اور ملک کی خوشحالی میں رکاوٹ بننے والوں کو عوام نے دیکھ لیا ہے اب عوام ان کے فریب میں نہیں آئیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں