بلاول بھٹو زرداری کے بیان نے سندھ حکومت سے اتحاد پر سوالیہ نشان لگادیا ہے حیدرعباس رضوی

تاریخ گواہ ہے کہ جس نے الطاف حسین کا جینا حرام کرنے کی کوشش کی اس کا اپنا جینا حرام ہوا، رہنما ایم کیو ایم


ویب ڈیسک October 06, 2014
موجودہ حالات میں پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کی ایک دیہی جماعت بن کررہ گئی ہے، حیدر عباس رضوی

KARACHI: متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن حیدر عباس رضوی کہتے ہیں کہ بلاول بھٹو زرداری کے بیان نے سندھ حکومت سے اتحاد پر سوالیہ نشان لگادیا ہے اورہم سینیٹ، قومی اسمبلی اور سندھ اسمبلی میں بھی پیپلزپارٹی سے ان کے اس بیان پر وضاحت مانگیں گے۔

کراچی میں ایم کیو ایم لندن اور پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کے دوران حیدر عباس رضوی کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کے خلاف پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری کا بیان تعصب پر مبنی ہے،ان کی تقریر کے جارحانہ الفاظ اور لہجہ کھلے طور پران کی سوچ کی عکاسی کررہا ہے، انہوں نے جو تقریر کی وہ لکھی ہوئی تھی اس لئے ہم سمجھتے ہیں کہ اس میں غلطی کی کوئی گنجائش نہیں تھی، ایک ایسی صورت حال میں جب ایم کیوایم کے کارکنوں اور مہاجروں کے قتل عام میں ملوث پیپلز امن کمیٹی کے سرکردہ افراد لندن میں موجود ہیں اور دوسری جانب بلاول بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے کی گئی تقریر نے ہماری تشویش میں اضافہ کردیا ہے اور ہم اپنی تشویش سے لندن پولیس اور برطانوی حکومت کو آگاہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے گزشتہ دور حکومت میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما جس طرح آصف زرداری کو لاہور میں گھسیٹنے کی بات کرتے تھے، اس پر کوئی جیالا ان کے خلاف سامنے نہیں آیا تھا لیکن یہ الطاف حسین ہی تھے جنہوں نے اس غیر جمہوری طرز عمل کی مذمت کی اور آصف زرداری کے حق میں ایک ریلی کا انعقاد کیا اور اب ان ہی آصف زرداری کے صاحبزادے انہیں دھمکیاں دے رہے ہیں، نجانے یہ سب کرکے پیپلز پارٹی کے رہنما ہمارے کن احسانوں کا بدلہ چکا رہے ہیں۔

ایم کیو ایم کے رہنما کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں پاکستان پیپلز پارٹی ایک دیہی جماعت بن کررہ گئی ہے اور لوگ پیپلزپارٹی چھوڑ کرجارہے ہیں، پیپلز پارٹی اپنی گرتی ساکھ کو بچانے کے لئے 18 اکتوبر کو جلسہ عام کررہی ہے، اب دھمکی ، دھونس، طاقت اور جارحیت کی سیاست ملک میں نئے انتظامی صوبوں کے قیام سے نہیں روک سکتی، تاریخ یہ بتاتی ہے کہ جس نے الطاف حسین کا جینا حرام کرنے کی کوشش کی اس کا اپنا جینا حرام ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹوزرداری کی تقریر پر ایم کیو ایم تمام قانونی، سیاسی اور جمہوری راستے استعمال کرے گی، ہم یہ حق محفوظ رکھتے ہیں کہ ملک گیر احتجاج کا پروگرام بھی بنائیں، ہم اس پر برطانیہ اور پاکستان میں قانونی چارہ جوئی پر بھی غور کررہے ہیں۔

حیدرعباس رضوی نے کہا کہ ایم کیوایم عید الاضحیٰ کے موقع پر فلاحی کاموں میں مصروف تنظیم خدمت خلق فاؤنڈیشن کے رضاکاروں کے ہمراہ قربانی کی کھالیں جمع کرنے میں مصروف ہے، اس لئے 3 روز بعد رابطہ کمیٹی ایک مرتبہ پھر صورت حال کا جائزہ لے کر اپنےآئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹوزرداری نے سندھ حکومت سے اتحاد پرایک سوالیہ نشان ڈال دیا ہے، سینیٹ، قومی اسمبلی اور سندھ اسمبلی میں بھی پیپلز پارٹی سے بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر وضاحت مانگی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |