پہلے ون ڈے میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 93 رنز سے شکست دے دی

آسٹریلیا کے ہدف 256 رنز کے تعاقب میں قومی کرکٹ ٹیم 37 ویں اوور میں 162 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی

کپتان مصاب الحق بغیرکھاتا کھولے جب کہ سرفراز احمد 34 اور اسد شفیق 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ فوٹو: گیٹی امیج

تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 93 رنز سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔


شارجہ کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میں میچ میں آسٹریلیا کے ہدف 256 کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 37 ویں اوور میں 162 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ ہد ف کے تعاقب میں قومی ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا اور صرف 9 رنز کے اسکور پر احمد شہزاد 4 رنز بنا کر چلتے بنے، اس کے بعد سرفراز احمد اور اسد شفیق ٹیم کا اسکور 59 رنز تک لے گئے اور سرفراز احمد 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، 59 کے مجموعی اسکور پر ہی کپتان مصباح الحق بھی اپنا کھاتا کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے اور پھر 63 کے مجموعی اسکور پر اسد شفیق 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شاہد آفریدی ایک بار پھر بیٹنگ میں متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور صرف 5 رنز بنا سکے جب کہ محمد عرفان اور ذوالفقار بابر 12، 12 رنز بنا پائے۔ عمر اکمل آسٹریلوی بولروں کے سامنے کچھ حد تک مزاحمت کر کے سب سے زیادہ 46 رنز اسکور کر پائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل جانسن نے 3 جب کہ ناتھن لیون اور گلین میکسویل نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اس سے قبل آسٹریلیا کے کپتان جارچ بیلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو محمد عرفان نے پہلے اووز کی پہلی ہی گیند پر ایرون فنچ کو احمد شہزاد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرادیا لیکن اس کے بعد ڈیوڈ وارنر اور اسٹیو اسمتھ نے محتاط انداز سے کھیلتے ہوئے ٹیم کا اسکور 86 رنز تک پہنچا دیا، وارنر 43 رنز بنا کر شاہد آفریدی کا شکار بنے۔ جارج بیلی، گلین میکسویل اور جیمز فالکنر بالترتیب 18، 21 اور 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ اسٹیو اسمتھ 101 رنز بنا کر شاہد آفریدی کی گیند پر وہاب ریاض کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کی ساتویں وکٹ 221 رنز پر گری جب سین ایبٹ 3 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر انور علی کو کیچ دے بیٹھے۔ مچل جانسن 21 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر بولڈ ہو گئے جب کہ بریڈ ہیڈن 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے شاہد آفریدی سب سے کامیاب بولر رہے انہوں نے 10 اوورز میں 46 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ وہاب ریاض نے 2 اور محمد عرفان ، ذوالفقار بابر اور فواد عالم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
Load Next Story