ویسٹ انڈیز نے پہلے ون ڈے میں بھارت کو 124 رنز سے شکست دے دی

میزبان بھارت 321 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 41 اوورز میں 197 رنز پر ڈھیر ہوگئی

ویسٹ انڈیز کی جانب سے روی رامپال،ڈیان براوو اور مارلن سیمولز نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ فوٹو؛ بی سی سی آئی

ویسٹ انڈیز نے 5 ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں بھارت کو 124 رنز سے شکست دے دی ۔



بھارتی ریاست کیرالا کے نہرو اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو ویسٹ انڈیز نے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 321 رنز بنائے، دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے مارلن سیمولز 126 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ دنیش رامدین 61، دیوانے اسمتھ 46 اور ڈیرن براوو 28 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے۔ بھارت کی جانب سے محمد شامی نے 4، روندرا جدیجا اور امیت مشرا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔


ہدف کے تعاقب میں بھارتی مضبوط بیٹنگ لائن ہوم گراؤنڈ کا فائدہ بھی نہ اٹھا سکی اور ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ پہلی وکٹ کی شراکت میں مہمان ٹیم کو 49 رنز کی شراکت ملی تاہم اجنکایا ریہانے 24 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد کوئی بلے باز وکٹ پر زیادہ دیر جم کر نہ کھیل سکا۔ ویرات کوہلی 2، امباتی ریوڈو 13، کپتان دھونی 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے شیکر دھاون کسی حد تک ویسٹ انڈیزین اٹیکرز کے سامنے مزاحمت کرتے رہے لیکن وہ بھی 138 کے مجموعے پر 68 رنز بنانے کے بعد مارلن سیمولز کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے اور پوری مہمان ٹیم 41 اوورز میں 197 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئی۔


ویسٹ انڈیز کی جانب سے روی رامپال،ڈیان براوو اور مارلن سیمولز نے 2،2 جبکہ جیروم ٹیلر، آندرے رسلز اور ڈیرن سیمی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، مہمان بھارت کے خلاف 126 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے والے مارلن سیمولز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
Load Next Story