شنگھائی ماسٹرز ٹینس رافیل نڈال پہلی آزمائش میں ناکام

آسٹریلین اوپن چیمپئن اسٹینسلس واورنیکا بھی ناکامیوں کے بھنور سے نہیں نکل پائے

آسٹریلین اوپن چیمپئن اسٹینسلس واورنیکا بھی ناکامیوں کے بھنور سے نہیں نکل پائے۔ فوٹو: اے ایف پی

شنگھائی ماسٹرز ٹینس میں رافیل نڈال پہلی آزمائش میں ناکام ہوگئے، دیگر سیڈنگ پلیئرز کے ہمراہ انھیں اپنے سفر کا آغاز دوسرے راؤنڈ سے کرنے کا موقع ملا تھا، آسٹریلین اوپن چیمپئن اسٹینسلس واورنیکا بھی ناکامیوں کے بھنور سے نہیں نکل پائے۔

جاپانی اسٹار کائی نیشکوری کی ہمت بھی جواب دے گئی، نووک جوکووک، اینڈی مرے، ڈیوڈ فیرراور ٹوماس بریڈیچ نے تیسرے مرحلے میں جگہ بنالی، جاپان ویمنز اوپن میں الینا سویٹولینا اور میڈیسن کینز نے فتوحات کو گلے لگالیا، ہیتھر واٹسن دوسرے رائونڈ میں رخصت ہوگئیں، آسٹریا کے شہرلنز میں جاری ویمنز ٹینس میں اینا ایوانووک، کیرولینا پلسکووا اور کمیلا جیورجی ابتدائی مقابلوں میں کامیاب رہیں، جرمن کھلاڑی آندیا پیٹکووک نے آغاز پر ہی ہتھیار ڈال دیے۔راجر فیڈرر نے لیونارڈو مائر کو ہرادیا۔


تفصیلات کے مطابق عالمی نمبر 2رافیل نڈال اگرچہ بدھ کو شنگھائی ماسٹرز کے پہلے میچ میں ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے لیکن اس دوران ان میں اپینڈی سائٹس کی کوئی بھی علامات دیکھنے میں نہیں آئیں، انھیں چند دن قبل اس عارضے میں مبتلا پایا گیا تھا، شنگھائی میں سیکنڈ سیڈ اسپینش پلیئر کو ہم وطن فیلکیانو لوپز نے 6-3 اور 7-6 (8/6) سے زیر کیا،14 مرتبہ گرینڈ سلم کے فاتح جولائی کے اواخر میں ہونیوالی انجری سے فراغت کے بعد اپنے دوسرے ایونٹ میں حصہ لے رہے تھے۔

دیگر میچز میں نووک جوکووک نے چین میں مسلسل اپنا 26واں میچ جیتا، انھوں نے آسٹریا کے ڈومینک تھیم کو 6-3 اور6-4 سے زیر کیا، آسٹریلین اوپن چیمپئن واورنیکا کو فرنچ پلیئر جائلز سیمون نے 5-7،7-5 اور6-4 سے ہرادیا، 7 سیڈ کائی نیشکوری کو امریکا کے جیک سوک نے 7-6(7/5) اور6-4 سے ٹھکانے لگادیا، اینڈی مرے نے جیرزی جینووچ کو 7-5 اور6-2 سے قابو کرلیا، ڈیوڈ فیرر نے مارٹن کلزان کو مات دی جبکہ ٹوماس بریڈیچ نے رچرڈ گیسکوئٹ کو پچھاڑ کر تیسرے راؤنڈ میں قدم رکھ دیے۔

دوسری جانب جاپان ویمنز اوپن ٹینس کے دوسرے مرحلے میں تھرڈ سیڈ الینا سویٹولینا نے نائومی اوساکا کو زیر کرلیا، میڈیسن کیز نے میساکی ڈوئی کو واپسی کا پروانہ تھمایا جبکہ ہیتھر واٹسن کو یولیا کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست ہوگئی، ادھر آسٹریا کے شہر لنز میں ڈبلیو ٹی اے لنز اوپن کے پہلے راؤنڈ میں جرمنی کی فورتھ سیڈ اینڈریا پیٹکووک کو اٹلی کی کمیلا جیورجی نے اسٹریٹ سیٹس میں 6-2 اور 6-3 سے ہرادیا، سیکنڈ سیڈ اینا ایوانووک نے فرانس کی پولین پرمینٹائر کو جبکہ جمہوریہ چیک کی کیرولینا پلسکووا نے بیلجیئم کی کرسٹن فلپکنز کوشکست دی۔
Load Next Story