بھارتی جارحیت حکومت کی گردواروں اور مندروں کی سیکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت

محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق بھارتی جارحیت کے باعث گردواروں اور مندروں پر حملے کا خدشہ ہے۔

گزشتہ کئی روز سے بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر سیز فائر کی خلاف ورزی کی جا ری ہے. فوٹو: فائل

وزارت داخلہ پاکستان نے کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری پر بھارتی جارحیت کے بعد ملک میں سکھوں اور ہندوؤں کے مذہبی مقامات پر دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر صوبوں کو ان مقامات کی سیکیورٹی سخت کرنے کے احکامات جاری کردیے۔


اس حوالے سے وزارت داخلہ کے حکم پر محکمہ داخلہ پنجاب کے انٹرنل سیکیورٹی ونگ نے آئی جی پولیس، کمشنر لاہور، گوجرانوالہ اور راولپنڈی ، سی سی پی او لاہور کو خصوصی مراسلہ جاری کر دیا ہے جس میں بتایا گیا ہے بھارت کی طرف سے کنٹرول لائن اور ورکنگ باونڈری پر مسلسل بلا اشتعال فائرنگ سے عوام میں اضطراب پایا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز سے بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر سیز فائر کی خلاف ورزی کی جا ری ہے جس کے نتیجے میں اب تک متعدد افراد شہید اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ بھارتی گولہ باری کے باعث 70 ہزار سے زاہد افراد متاثر جب کہ 20 ہزار افراد محفوظ مقامات پر نقل مکانی کر چکے ہیں۔
Load Next Story