ایل اوسی اورورکنگ باؤنڈری پر فائربندی کی خلاف ورزی کا ذمہ دار پاکستان ہے مودی کی ہرزہ سرائی

بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے روایتی دشمنی کا مظاہرکرتے ہوئے پاکستان کو ’’دشمن‘‘ کہہ کر مخاطب کیا

اب وقت تبدیل ہو چکا ہے اور پاکستان کی پرانی عادات کو برداشت نہیں کیا جائے گا، بھارتی وزیراعظم۔ فوٹو:فائل

لاہور:
بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر گزشتہ کئی روز سے جاری جارحیت پر نریندرا مودی نے الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کی مثال پرعمل کرتے ہوئے پاکستان کو ہی مورد الزام ٹہرا تے ہوئے کہا کہ ہمارے جوانوں نے اپنے دفاع میں فائر کیا۔

ریاست مہاراشٹرا کے شہر پونے میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نریندرا مودی نے روایتی دشمنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو ''دشمن'' کہہ کر مخاطب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سرحدی حدود کی خلاف ورزی کاہمارے جوانوں نے بھرپور جواب دیا اور دشمن کو سمجھ جانا چاہئے کہ اب وقت تبدیل ہو چکا ہے اور ان کی پرانی عادات کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔


نریندرا مودی نے سرحدی معاملات پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانے والوں کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ یہ سیاسی معاملہ نہیں، حکومتیں آئیں گی اور چلی جائیں گی لیکن اس معاملے کو سیاسی معاملہ نہ بنایا جائے اس سے فوجی جوانوں کا مورال گرے گا۔

واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے گزشتہ کئی روز سے لائن آف کنڑول اور ورکنگ باؤنڈری کی خلاف ورزی کی جا رہی اور گزشتہ 4 روز میں صرف سیالکوٹ کے مختلف سیکٹرز میں بھارتی جارحیت سے اب تک 13 شہری شہید اور 50 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، اس کے علاوہ بھارتی گولہ باری سے 70 ہزار سے زائد افراد متاثر جب کہ 20 ہزار سے زائد اپنے مکانات چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہو چکے ہیں۔
Load Next Story