آصف زرداری نوازشریف اور مولانا فضل الرحمان مل کر بھی مجھے نہیں ہرا سکتے عمران خان

31 اگست کو 45 لوگوں کو گولیاں ماری گئیں اورپمزمیں داخل 25 افراد کو زخمی حالت میں پولیس والے لے گئے جو آج تک لاپتہ ہیں


ویب ڈیسک October 09, 2014
ایک دن بڑے سے بڑے مگرمچھ کو ضرور عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا، عمران خان ۔ فوٹو: فائل

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ آصف زرداری، نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان مل کر بھی انہیں نہیں ہرا سکتے اور اگر قوم نے ساتھ دیا تو نواز زرداری گٹھ جوڑ کا احتساب کریں گے۔


اسلام آباد کے ڈی چوک پر آزادی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو کسی اشارے کی ضرورت نہیں، قوم اشارہ دے رہی ہے کہ وہ تبدیلی کے لئے تیار ہے، عوام سے وعدہ کرتا ہوں کہ ظالموں کو معاف نہیں کیا جائے گا اور انہیں عدالتوں سے سزائیں دلوائی جائیں گی تاکہ آئندہ کسی ظالم کی عوام پر ظلم کرنے کی جرات نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 30 سال سے باریاں لینے والوں کا وقت ختم ہوگیا، ملک میں جمہوریت نہیں قبضہ گروپ مسلط ہے، زرداری اور نواز گٹھ جوڑ کا احتساب کریں گے، قوم کی مدد سے مگرمچھوں کا مقابلہ کر رہا ہوں اور ایک دن بڑے سے بڑے مگرمچھ کو ضرورعدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا۔


چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ خواب پورا ہوتا نظر آرہا ہے، اللہ میری نیت جانتا ہے اور نیا پاکستان بن جائے گا جس میں انسان کی قدر ہوگی جبکہ اس حوالے سے انہیں غیب کی مدد آئے گی۔ عمران خان نے سابق صدر آصف زرداری کی جانب سے تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میرے لیے زبردست الفاظ کہنے پر آصف زرداری کا شکریہ ادا کرتا ہوں، مجھے آصف زرداری والی سیاست نہیں کرنی اور اچھا ہی ہے کہ انہیں آصف زرداری والی سیاست نہیں آتی۔


عمران خان کا کہنا تھا کہ 31 اگست کو اسلام آباد میں 45 لوگوں کو گولیاں ماری گئیں جبکہ پمز اسپتال میں داخل 25 افراد کو شدید زخمی حالت کے باوجود پولیس اہلکار اپنے ساتھ لے گئے جو آج تک لاپتہ ہیں جبکہ اس حوالے سے انہیں رپورٹ ملی ہے جسے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔