شنگھائی ماسٹرز ٹینس میں اینڈی مرے اور جان اسنر بھی لڑکھڑا گئے

دفاعی چیمپئن جوکووک، راجر فیڈرر، ڈیوڈ فیرر، ٹوماس بریڈیچ اگلے راؤنڈ میں پہنچ گئے، ٹیانجن اوپنمیں جیلینا جینکووچ کو۔۔۔

دفاعی چیمپئن جوکووک، راجر فیڈرر، ڈیوڈ فیرر، ٹوماس بریڈیچ اگلے راؤنڈ میں پہنچ گئے، ٹیانجن اوپنمیں جیلینا جینکووچ کو دوسرے راؤنڈ میں مات۔ فوٹو: گیٹی امیجز/فائل

شنگھائی ماسٹرز میں اینڈی مرے اور جان اسنر کے قدم بھی لڑکھڑا گئے، دفاعی چیمپئن نووک جوکووک، تھرڈ سیڈ راجر فیڈرر، ففتھ سیڈ ڈیوڈ فیرر، سکستھ سیڈ ٹوماس بریڈیچ کوارٹر فائنلز میں پہنچ گئے۔

ٹیانجن اوپن میں سیڈڈ پلیئرز ژانگ شوئی اور جیلینا جینکووچ دوسرے راؤنڈ میں مات کھاگئیں، لینز اوپن میں سویٹانا پیرنکووا نے یوگینی بوچارڈ کیخلاف واک اوور حاصل کرلیا جبکہ کیرولینا پلسکووا، کیرن کینپ اور اینا لینا فرائیڈ سیم نے تیسرے راؤنڈ کیلیے کوالیفائی کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق دفاعی شنگھائی ماسٹرز چیمپئن نووک جوکووک نے اپنے 85ویں رینکڈ حریف میخائل کوکوشکن پر قابو پاتے ہوئے کوارٹر فائنلز تک رسائی حاصل کرلی ہے جبکہ برطانوی اینڈی مرے ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔

دریں اثنا تھرڈ سیڈ راجر فیڈرر نے اسپینش روبرٹو بتیستا اگٹ کو با آسانی اسٹریٹ سیٹس میں 6-4 اور 6-2 سے زیر کرلیا۔ شنگھائی اوپن کے ٹاپ سیڈ جوکووک ٹورنامنٹ میں کوکوشکن کیخلاف تیسرے راؤنڈ تک جانے پر مجبور ہونے کے بعد 6-3، 4-6 اور 6-4 سے فتحیاب ہوئے۔ اگرچہ عالمی نمبر ایک کو پہلے سیٹ میں کوئی پریشانی نہیں ہوئی لیکن دوسرے سیٹ میں چین میں 27ویں مسلسل جیت کیلیے کوشاں پلیئر نے اپنے حریف کو مات دیدی۔

جوکووک کو تیسرے سیٹ میں سخت جدوجہد کے بعد کامیابی حاصل ہوئی۔ جمعہ کے کوارٹر فائنلز میں جوکووک کا سامنا ڈیوڈ فیرر سے ہوگا جنھوں نے 11ویں سیڈڈ اینڈی مرے کو ابتدائی سیٹ ہارنے کے باوجود 2-6، 6-1 اور 6-2 سے ٹورنامنٹ سے باہر کردیا تھا۔ نتیجے کے سبب مرے کی سیزن کے اختتامی ورلڈ ٹور فائنلز میں شرکت کی امیدوں پر پانی پھر گیا۔ نووک جوکووک، رافیل نڈال اور راجر فیڈرر نے پہلے ہی ورلڈ ٹور فائنلز کیلیے کوالیفائی کرلیا ہے جبکہ باقی پانچ جگہوں کیلیے ابھی فیصلہ ہونا باقی ہے بقیہ پوزیشنز کیلیے بھاگ دوڑ کرنے والے پلیئرز میں زیادہ تر شنگھائی میں ہار چکے ہیں، اب صرف ساتویں رینکڈ ٹومس بریڈچ ہی میدان میں بچے ہیں۔


جمہوریہ چیک کے سکستھ سیڈ نے اپنی اس کوشش کو اپنے تیسرے راؤنڈ میچ میں کروشین آئیوو کارلووک پر صرف ایک گھنٹے پانچ منٹ کے مقابلے میں 6-3 اور 6-4 سے غلبہ پاکر مزید مستحکم کرلیا ہے۔ بریڈچ لاسٹ 8 میں گلز سائمون کے مقابل آئیں گے، ٹورنامنٹ میں بہترین فارم میں موجود فرنچ پلیئر نے تیونس کے مالک جزیری کو 6-2 اور 6-3 سے پچھاڑا تھا۔ سائمون نے آسٹریلین اوپن چیمپئن اسٹین واورنیکا کو دوسرے راؤنڈ میں ہرایا تھا۔

کوارٹر فائنلز میں پہنچنے والے دیگر پلیئرز میں اسپین کے فیلسیانو لوپز نے 13ویں سیڈڈ امریکن جان اسنر کو اسٹریٹ سیٹس میں 6-3 اور 6-4 سے ٹورنامنٹ سے بے دخلی کا پروانہ تھمایا تھا۔ رافیل نڈال کو گذشتہ راؤنڈ میں ہرانے والے لوپز کوارٹرز میں رشین میخائل یوژنی کے مد مقابل ہوں گے جنھوں نے ارجنٹائن کے جوآن موناکو پر 5-7، 6-3 اور 6-2 سے قابو پایا تھا۔ دریں اثنا فرانس کے جولیئن بینیٹیو امریکن جیک سوک کو 6-3 اور 6-4 سے زیر کرکے آئندہ مرحلے میں 17 مرتبہ کے گرینڈ سلم فاتح فیڈرر سے مقابلہ کریں گے۔

ادھر ٹیانجن اوپن میں جمعرات کے ویمنز سنگلز سیکنڈ راؤنڈ میں سربیا کی سیڈ ون جیلینا جینکووک چین کی ژینگ سائی سائی سے 3-6 اور 3-6 سے مات کھا گئیں، چین کی ففتھ سیڈ ژینگ شوئی کو تائپے کی ہسیہ سو وائی کے ہاتھوں 6-3، 3-6 اور 6-7 (7/5) سے شرمندگی اٹھانا پڑی جبکہ چین کی سیکنڈ سیڈ پینگ شوئی نے روس کی ایلیزاویٹا کولشکووا کو 6-1 اور 6-2 سے مات دی۔

ڈبلیو ٹی اے لنز اوپن کے چوتھے روز سیکنڈ راؤنڈ میچز میں بلغاریہ کی سویٹانا پیرنکووا نے کینیڈا کی نمبر ایک سیڈ یوگینی بوچارڈ کیخلاف واک اوور حاصل کرلیا، جمہوریہ چیک کی سیونتھ سیڈ کیرولینا پلسکووا نے جرمنی کی مونا بارتھیل کو 6-4 اور 6-2 سے شکست دی، اٹلی کی کیرن کینپ سلواکیہ کی میگڈالینا رائبرکووا کے دوسرے سیٹ میں دستبردار ہونے پر اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرلی، انھوں نے پہلا سیٹ 6-3 سے جیتا جبکہ جرمنی کی اینا لینا فرائیڈسیم نے سلواکیہ کی جانا سیپیلووا پر 6-0 اور 6-4 سے غلبہ پایا۔
Load Next Story