تنخواہ نہ ملنے پر بلدیہ ملازمین کی دوسرے روز بھی ہڑتال

دفاترکو تالے لگا دیے،میونسپل کمشنر آفس کے سامنے مظاہرہ، افسران کیخلاف نعرے

بلدیہ مالی بحران کا شکار ہے، اس کے باوجود ماہانہ کروڑوں روپے کے مبینہ بل بنائے جا رہے ہیں۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
بلدیہ اعلیٰ اسٹاف یونین سی بی اے کی اپیل پر ملازمین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کیخلاف جمعرات کو دوسرے روز بھی کام چھوڑہڑتال کی اور دفاترکو تالے لگا دیے۔

ملازمین نے ایڈمنسٹریٹر و میونسپل کمشنر کے دفاتر کے سامنے احتجاجی مظاہرے کیے اور ریلی نکالی، مظاہرین افسران کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ غلام محمد قریشی، اکرم راجپوت و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ کے ملازمین کئی ماہ سے تنخواہوں اوردیگربقایا جات سے محروم ہیں جبکہ افسران عیاشیاں کر رہے ہیں۔


جبکہ ایک ماہ سے بلدیہ لاوارث حالت میں ہے، ایڈمنسٹریٹرکا تقرر نہیں کیا گیا، افسران دفاتر میں نہیں بیٹھتے، بلدیہ مالی بحران کا شکار ہے، اس کے باوجود ماہانہ کروڑوں روپے کے مبینہ بل بنائے جا رہے ہیں۔ جب تک تمام ملازمین کی تنخواہوں سمیت دیگر مراعات بحال نہیں کی جا تیں پر امن احتجاج جاری رہے گا۔

انھوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ ملازمین کو تنخواہیں بروقت ادا کی جائیں اور بلدیہ میں کرپشن، لوٹ کھسوٹ، کروڑوں کی املاک اونے پونے فروخت کرنے سمیت دیگر معاملات کی تحقیقات کرائی جائیں۔
Load Next Story