ISLAMABAD:
اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کریں۔
اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان نے بان کی مون کی جانب سے بیان دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو کشمیر میں امن اور استحکام کے لیے طویل المدتی حل تلاش کرنا چاہیے۔ ترجمان کے مطابق بان کی مون نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کو بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے جب کہ انہوں نے دونوں جانب انسانی جانوں کے ضیاع اور شہریوں کی نقل مکانی پر افسوس کا بھی اظہار کیا۔
واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے گزشتہ کئی روز سے ورکنگ باؤنڈری پر بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں اب تک 12 پاکستانی شہری شہید اور ہزاروں افراد نقل مکانی کرچکے ہیں۔