متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ملالہ یوسف زئی کو امن کا نوبل انعام ملنے پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوات کی شہزادی کو نوبل انعام ملنے سے ثابت ہوگیا کہ پاکستانی قوم اعتدال پسند، روشن خیال، تعلیم یافتہ اور مہذب معاشرہ کی تشکیل کیلئے بھرپور صلاحیتیں رکھتی ہے۔
الطاف حسین کا کہنا تھا کہ سوات میں ملالہ یوسف زئی کو بچیوں کی تعلیم کے لئے عملی کوششوں سے باز رکھنے کے لئے دہشت گردوں نے انہیں نشانہ بنایا لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اس بہادر بچی نے صحت مند ہوکر دہشت گردوں کے خلاف اور تعلیم کو عام کرنے کے لئے جس جرات اور بہادری کا مظاہرہ کیا اس پر وہ نوبل انعام کی ہی حقدار تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ملالہ یوسف زئی کو امن کا انعام ملنا پاکستان کیلئے باعث فخر ہے اور پاکستانی قوم کیلئے اعزاز ہے جس پر سب کو سجدہ شکر ادا کرنا چاہئے۔
الطاف حسین نے امن کا نوبل انعام ملنے پر ملالہ یوسف زئی کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ملالہ یوسف زئی نے ایک مرتبہ پھر پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔