آسٹریلیا نے دوسرے ون ڈے میں پاکستان کو شکست دے کر سیریز بھی اپنے نام کرلی

پاکستان کی جانب سے دیا گیا 216رنز کا ہدف آسٹریلیا نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 43 ویں اوورز میں حاصل کرلیا

آسٹریلوی بلے باز وارنر29، فنچ 14،اسمتھ 12 اوربیلے 28رنز بناکرآؤٹ ہوئے فوٹو:کرک انفو

ISLAMABAD:
دوسرے ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست دے کر 3 میچز کی سیریز بھی 0-2 سے اپنے نام کرلی۔

دبئی کے انٹر نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کا 216 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر 43ویں اوور میں حاصل کرلیا، گلین میکس ویل نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 76 رنز بنائے جب کہ ڈیوڈ وارنر 29، ایرن فنچ 14، اسٹیون اسمتھ 12 اور کپتان جارج بیلی 28 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، پاکستان کی جانب سے ذوالفقار بابر نے 2 جب کہ محمد عرفان اور رضا حسن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔


اس سے قبل کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جسے اوپنر بلے باز احمد شہزاد اور سرفرازاحمد نے درست ثابت کیا لیکن مڈل آرڈر بلے باز ایک مرتبہ پھر ناکام رہے اور پوری ٹیم 215 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ پہلی وکٹ کی شراکت میں احمد شہزاد اور سرفراز احمد نے 126 رنز جوڑے تو احمد شہزاد 61 رنز بنا کر زیویر ڈوہرٹی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے جس کے فوراً بعد سرفراز احمد بھی 130 کے مجموعے پر 65 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

اوپننگ بلے بازوں کے آؤٹ ہونے کے بعد کینگروز بولرز کے سامنے کوئی بیٹسمین وکٹ پر زیادہ دیر جم کر نہ کھیل سکا اور ایک مرتبہ پھر مڈل آرڈر بیٹنگ لائن ناکام رہی، کپتان مصباح الحق 15، اسد شفیق 29، عمر اکمل 5، شاہد آفریدی اور وہاب ریاض 2،2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ فواد عالم 20 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے تاہم پوری ٹیم 49.3 اوورز میں 215 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل جانسن نے 3 جبکہ کین رچرڈسن، زیویر ڈوہرٹی، جیمز فالکنر اور نیتھن لیون نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 93 رنز سے شکست دی تھی۔
Load Next Story