کراچی متحدہ کے 2کارکنان اہلسنت و الجماعت کے عہدیدار سمیت 6افراد قتل

اورنگی اور کھارادر میں متحدہ کے کارکنان کوماراگیا،بلدیہ میں گھرمیں گھس کرفائرنگ،ایک ہلاک

اورنگی اور کھارادر میں متحدہ کے کارکنان کوماراگیا، شاہراہ فیصل پر مولانا کلیم اللہ نشانہ بنے،بلدیہ میں گھرمیں گھس کرفائرنگ،ایک ہلاک۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
کراچی میں پولیس اوررینجرز کے چھاپوں،محاصروں اور اسنیپ چیکنگ کے باوجودقتل و غارت گری کاسلسلہ جاری ہے۔

مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں متحدہ قومی موومنٹ کے2 کارکنان ، اہلسنّت والجماعت کے عہدیدارسمیت6 افراد ہلاک ، خاتون سمیت10زخمی ہوگئے،اورنگی ٹاؤن سیکٹرساڑھے گیارہ خلیل مارکیٹ کے قریب موٹرسائیکل پر32 سالہ محمد اکرم بیٹے کو اسکول چھوڑنے جارہا تھا کہ اس دوران موٹر سائیکل پر 2 ملزمان نے اس پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک گولی اس کے سینے پر لگی اور وہ نیچے گر پڑا بعدازاں ملزمان نے اس کے بیٹے کو ایک جانب کھڑا کر کے اکرم پر اندھا دھندگولیاں برسائیں جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کے مطابق مقتول متحدہ قومی موومنٹ یونٹ 124اورنگی سیکٹر کا کارکن اور ایک بیٹے کا باپ تھا،مقتول کی لاش عباسی شہید اسپتال لائی گئی جہاں متحدہ کے عہدیداروں اور کارکنان کی بڑی تعداد اسپتال پہنچ گئی اور واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ، واقعے کے بعد اورنگی ٹاؤن کے مختلف علاقوں خلیل مارکیٹ ، بابا ولایت ولی شاہ کالونی اور پاکستان بازار مارکیٹ سمیت ملحقہ علاقوں میں کشیدگی پھیل گئی اور نامعلوم افراد نے دکانیں وکاروبار بندکرادیا، کھارادرکے علاقے مدنی سینٹر کے قریب24 سالہ معین میمن اپنی موٹر سائیکل پر بیٹھ رہا تھاکہ اس دوران موٹر سائیکل پر2 ملزمان نے اسے قریب آکر اندھادھندفائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

ڈی ایس پی میٹھادر اے ایس پی عثمان باجوہ کے مطابق مقتول متحدہ قومی موومنٹ رنچھوڑ لائن سیکٹر کھارادر یونٹ 3/B کا سرگرم کارکن تھا جبکہ مقتول کا بھائی بھی علاقائی عہدیدار ہے،ٹارگٹ کلنگ کے بعد کھارادر کے مختلف علاقوں فاریہ اسٹریٹ ، حسینی کلاتھ مارکیٹ اور جوڑیا بازار سمیت ملحقہ علاقوں میں نامعلوم افراد نے دکانیں و کاروبار بند کرا دیا جبکہ نامعلوم افراد کی جانب سے شدید ہوائی فائرنگ کی جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ، بلدیہ ٹاؤن یوسف گوٹھ سو فٹ روڈ کچی آبادی مدینہ مسجد کے قریب واقع مکان میں علی الصبح4 مسلح ملزمان نے گھر میں گھس کر سوئے ہوئے شخص 35 سالہ عبدالرحمٰن شیخ کو بیوی بچوں کے سامنے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا اور موقع سے فرار ہوگئے ۔

ایس پی قمر زمان کے مطابق جس وقت واقعہ پیش آیا اس وقت مقتول کی بیوی اور بچہ بھی گھر پر موجود تھے اور اس کی بیوی نے بتایا کہ اس کے شوہر کی اندرون سندھ میں دشمنی چل رہی تھی ،ذرائع کے مطابق مقتول 2 بچوں کا باپ اور کے ای ایس سی کا ملازم تھا،مقتول کچھ عرصہ قبل تک مواچھ گوٹھ میں رہائش پذیراورلیاری گینگ وارکے اہم گینگ لیڈرارشد پپوگروپ کے رزاق کمانڈوکاسالا تھا، آرام باغ تھانے کی حدود ریڈیو پاکستان کے قریب ایم اے جناح روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے40 سالہ اقبال،سرجانی ٹاؤن میں فائرنگ سے30 سالہ کاشف،پی آئی بی کالونی کے علاقے عثمانیہ کالونی نورانی ہوٹل کے قریب رہائش پذیر55 سالہ انیسہ بی بی نامعلوم سمت سے آنے والی گولی ٹانگ پر لگنے سے زخمی ہوگئی،گولیمار میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے30سالہ سنیل زخمی ہوگیا۔


مین شاہراہ فیصل پی ایف کالج کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے موٹر سائیکل سوار32 سالہ مولانا کلیم اﷲ ہلاک ہو گیا، اہلسنت و الجماعت کے ترجمان مولانا اکبر سعید فاروقی نے ایکسپریس کو بتایا کہ مولاناکلیم اﷲ اہلسنت والجماعت ملیرالفلاح امیرمعاویہ سیکٹرکے صدرتھے،مولانا اکبرسعید فاروقی نے بتایا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ان کے17سے زائد کارکنوں کو ٹارگٹ کلنگ میں ہلاک کیا جا چکا ہے ، ابوالحسن اصفہانی روڈ جھنگوی روڈ پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے آلٹو کار میں سوار47 سالہ میاں ذوالقدر علی ہلاک ہوگیا۔

پولیس کے مطابق مقتول سہراب گوٹھ کے قریب گلشن ویو اپارٹمنٹ کا رہائشی اور مسلم لیگ (ق) کا سابق عہدیدار تھا،نارتھ کراچی سیکٹر5/M دو منٹ چورنگی کے قریب امام بارگاہ ولی الاعصر کے سامنے نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے40سالہ شبیر حسین ہلاک ہو گیا واردات کے وقت مقتول امام بارگاہ کے باہر تخت پر بیٹھا ہوا تھا ،کورنگی روڈ اختر کالونی سگنل کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے30 سالہ عبد الستار ،کھارادر کسٹم ہاؤس کے قریب پنجابی کلب کے سامنے نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 35 سالہ نوید میمن ، 45 سالہ امین بلوچ اور56 سالہ حاجی گل نواز زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لیے سول اسپتال پہنچایاگیا۔

ایم ایل او سول اسپتال ڈاکٹر آفتاب چنڑ نے بتایا کہ زخمی ہونے والے امین بلوچ کے سینے میں گولی لگی ہے جس کی حالت تشویشناک ہے،واقعے کے بعد نامعلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر کے کھارادر ، بولٹن مارکیٹ سمیت اولڈ سٹی ایریا کی بیشتر دکانیں اور کاروبار بند کرا دیا۔ جمشید کوارٹر کے علاقے مارٹن کورٹر مکان نمبر111/1 کا رہائشی43سالہ جاوید علی گھر کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا،کورنگی ڈھائی ڈبل روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 25 سالہ عاطف عباسی زخمی ہوگیا، رینجرز کی بھاری نفری نے لانڈھی شیر پاؤ کالونی اور گارڈن عثمان آباد کا محاصرہ کر کے گھر گھر تلاشی کے دوران متعدد افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیاگیا ۔

آرام باغ تھانے کی حدود اردو بازار گورنمنٹ کالج برائے خواتین ( وومن کالج ) کچرا کنڈی کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان مغوی نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد سر پر گولی مار کر فرار ہو گئے ، زخمی ہونے والے کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال پہنچایا گیا سول اسپتال کے ایم ایل او ڈاکٹر آفتاب چنڑ نے ایکسپریس کو بتایا کہ زخمی ہونے والے کا نام شعیب ناگوری ولد عبد الستار ناگوری ہے ، زخمی ہونے والا میٹھا در ککری گراؤنڈ کے سامان امام بارگاہ کے قریب غلام فرید بلڈنگ کا رہائشی ہے ، جاوید کو3 نامعلوم افراد نے اغوا کر کے ہاتھ پشت پر باندھ کر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد موٹر سائیکل پر بٹھا کر اردو بازار کے قریب لا کر سر پر گولی مار کر پھینک کر فرار ہو گئے۔

جبکہ ماڑی پور کے علاقے ہاکس بے روڈ ماڑی پور گریکس کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے رحمان بلوچ ولد جان محمد بلوچ اور اس کا دوست گل جان ولد گل شریف زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لیے سول اسپتال پہنچایا گیا گل جان پولیس اہلکار کا بیٹا ہے جبکہ پی آئی بی کالونی کے علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 45 سالہ محمد جہانزیب ولد عاشق علی زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا ، محمد جہانزیب جمشید کوارٹر کا رہائشی ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story