روزانہ ناریل کا پانی پینے سے نہ صرف آ پ خوبصورت نظرآئیں گے بلکہ یہ چاک چوبند رکھنے میں بھی مددگارثابت ہوتا ہے۔
ناریل کے پانی سے متعلق حالیہ تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ ایسے افراد جو ناریل کا پانی باقاعدگی سے استعمال کرتے ہیں ان میں نہ صرف خون کی گردش بہتر ہوتی ہے بلکہ ان کا بلڈ پریشر بھی نارمل رہتا ہے اور ایسے افراد میں دل کے دورے سمیت دیگر دل کے امراض دوسروں کے مقابلے میں کم ہوتے ہیں یہی نہیں ناریل کا پانی بلڈ شوگر لیول کو بھی کنٹرول کرتا ہے۔
تحقیق سے ثابت ہوا کہ ناریل کا پانی وزن کم کرنے اور قوت مدافعت بڑھانے کے لئے موزوں ہے، اکثر ڈاکٹرز حاملہ خواتین کو ناریل کا پانی استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہیں جو قبض کی صورت میں حاملہ خواتین کے لئے مفید ثابت ہوتا ہے، ناریل کے پانی میں پوٹاشیم اور میگنیشیم کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جس کے استعمال سے انسان کے پیشاب کی مقدار میں اضافہ ہوتا ہے اور خاص طور پر گردوں کے مریضوں کے لئے فائدہ مند ہوتا ہے۔
اگرآپ چہرے پر کیل مہاسوں سے پریشان ہیں تو فوری طور پر ناریل کے پانی سے چہرے کا مساج کریں جو چہرے پر پھنسیوں کے خاتمے کے لئے بھی مفید ہے یہی نہیں ناریل کا پانی ہاتھوں کو نرم اور ناخنوں کو خوبصورت رکھنے کے لئے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔