حصص مارکیٹ میں بڑے پیمانے پر خریداری 179 پوائنٹس کا اضافہ

بینکاری، آٹو، کھاد اور سیمنٹ سیکٹرز میں خریداری، انڈیکس 30158 پوائنٹس پر آگیا، بیشتر کمپنیوں کی قیمتیں بڑھ گئیں

مارکیٹ سرمایہ 46 ارب روپے کے اضافے سے 70 کھرب ہوگیا، کاروباری حجم 80 فیصد بہتر، 23 کروڑ حصص کا لین دین۔ فوٹو: پی پی آئی/فائل

TRIPOLI:
کراچی اسٹاک مارکیٹ میں ایک روز کی مندی کے بعد گزشتہ روز کاروباری ہفتے کے اختتام پر تیزی غالب رہی اور کے ایس ای 100 انڈیکس میں 179 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد انڈیکس دوبارہ 30000 کی حد عبور کرتے ہوئے 30158 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 79 پوائنٹس کے اضافے سے20376 اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 149 پوائنٹس اضافے سے 22080 پوائنٹس پر بند ہوئے۔

اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کے باعث سرمائے کے حجم میں 46 ارب روپے سے زائد کا اضافہ دیکھا گیا اور مارکیٹ سرمائے کا مجموعی حجم69 کھرب روپے کی سطح سے بڑھ کر 70 کھرب 1ارب روپے کی سطح پر جا پہنچا، کاروباری ہفتے کے آخری روز ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروںنے بینکنگ، آٹو، فرٹیلائزر اور سیمنٹ سیکٹرز میں حصص کی بڑے پیمانے پر خریداری کی،کاروباری حجم میں 80 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور کاروباری حجم 10 کروڑ 99 لاکھ حصص کے اضافے سے 12 کروڑ کی سطح سے بڑھ کر 23 کروڑ حصص کی سطح پر جا پہنچا۔


ٹریڈنگ کے دوران آئل اینڈ گیس انڈیکس میں 53 پوائنٹس کی کمی جبکہ بینکنگ انڈیکس میں65 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا، مجموعی طور پر 422 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جس میں سے 270 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 125 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی اور 27 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام دیکھا گیا۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق ملکی و غیرملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے مخصوص سیکٹرز میں حصص کی خریداری کے باعث کاروباری سرگرمیوں میں تیزی دیکھی گئی اور انڈیکس 30000 پوائنٹس کی حد عبور کرگیا، ٹریڈنگ کے دوران رفحان میعظ اور باٹا کے حصص کی قیمتوں میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھا گیا جہاں رفحان میعظ کے حصص کی قیمت 549.95 روپے اضافے سے11999.95 اور باٹا کے حصص کی قیمت 42 روپے اضافے سے3200روپے رہی جبکہ نیسلے کے حصص کی قیمت101 روپے کمی سے 7599 اور فلپ مورس پاک کے حصص کی قیمت 22.62 روپے کمی سے 800.38 روپے رہی۔
Load Next Story