شنگھائی ماسٹرز ٹینس میں ٹوماس بریڈیچ بھی حوصلہ ہار گئے

جمہوریہ چیک کے اسٹار پلیئر کا سفر کوارٹر فائنل میں تمام، نووک جوکووک،راجرفیڈرر، جائلز سیمون اور فلکیانو لوپز۔۔۔


Sports Desk/AFP October 11, 2014
جاپان ویمنز ایونٹ میں ٹاپ سیڈ سمانتھا اسٹوسر، الینا سویٹولینا اور زرینہ ڈیاس کی پیشقدمی جاری، میڈیسن کیز ریٹائرڈ، لوکیسکا کو سیمی فائنل کا ٹکٹ مل گیا۔ فوٹو: اے ایف پی

شنگھائی ماسٹرز میں ٹوماس بریڈیچ کا قصہ کوارٹر فائنل میں تمام ہوگیا، جائلز سیمون، نووک جوکووک ، فلکیانو لوپز اور سوئس ماسٹر راجرفیڈرر نے سیمی فائنلز میں قدم رکھ دیے۔

جاپان ویمنز ٹینس میں تھائی لینڈ کی لوکسیکا کھم کھم کو سیکنڈ سیڈ میڈیسن کیز کے 6-2 اور4-3 کے اسکور پر ریٹائرڈ ہوجانے پر فائنل فور میں رسائی کا پروانہ مل گیا، ٹاپ سیڈ سمانتھا اسٹوسر ، الینا سویٹولینا اور زرینہ ڈیاس نے بھی ٹائٹل کی جانب پیشقدمی جاری رکھی۔ تفصیلات کے مطابق شنگھائی ماسٹرز میں رافیل نڈال اور اینڈی مرے جیسے کہنہ مشق پلیئرزکے بعد جمہوریہ چیک کے ٹوماس بریڈیچ بھی کوارٹر فائنل میں حوصلہ ہارگئے، چھ سیڈ پلیئر کو فرانس کے جائلز سیمون نے دلچسپ مقابلے کے بعد 7-6(7/4)،4-6 اور6-0 سے مات دے دی۔

سیمون کی یہ مسلسل دوسرے ایونٹ میں سیمی فائنل میں رسائی ہے، اس سے قبل وہ گذشتہ ہفتے ٹوکیو اوپن میں بھی فائنل فور میں پہنچے تھے جہاںپر انھیں میلوس راؤنک نے ہرادیا تھا، 29 سالہ سیمون اب تک کوئی بھی ماسٹر ٹائٹل نہیں جیت پائے ہیں، فائنل میں جگہ بنانے کیلیے انھیں اب فلکیانو لوپز کا چیلنج درپیش ہوگا، جنھوں نے دوسرے کوارٹر فائنل میں روسی حریف میخائل یوزنی کو 5-7 ،6-4 اور6-4 سے زیر کرلیا، ٹاپ سیڈ سربیا کے نووک جوکوک نے اسپین کے ڈیوڈ فیرر کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-4 اور6-2 سے شکست دے دی۔

17 مرتبہ کے گرینڈ سلم فاتح سوئس ماسٹر راجرفیڈرر نے فرنچ حریف جولین بینیٹو کو 7-6(7/4) اور6-0 سے زیرکرلیا، جولین نے پہلے سیٹ میں زبردست مقابلہ کیا اور سیٹ کو ٹائی بریکر پر لے گئے تاہم اگلے سیٹ میں فیڈرر نے انھیں کوئی بھی گیم نہیں جیتنے دیا۔ دوسری جانب جاپان اوپن ویمنز ٹینس ٹورنامنٹ میں دفاعی چیمپئن سمانتھا اسٹوسر نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی، انھوں نے کوارٹر فائنل میں قازقستان کی یولیا پوٹنسیوا کو باآسانی 6-4 اور6-1 سے مات دے دی، اسٹوسر نے 2011 میں یوایس اوپن کی ٹرافی جیت کر کیریئر کی بلندترین چوتھی پوزیشن حاصل کی تھی، لیکن اس کے بعد سے ان کے کھیل میں تنزلی کا عنصر نمایاں رہا۔

سیمی فائنل میں ان کا سامنا یوکرین کی الینا سویٹولینا سے ہوگا، جنھوں نے اس مرحلے پر امریکا کی لورین ڈیویس کو 6-2 اور6-4 سے قابو کرلیا، قازقستان سے تعلق رکھنے والی زرینہ ڈیاس نے ملکی وقار بلند کرتے ہوئے کروشیا کی اینا کونجا کو 6-7 ،6-4 اور6-2 سے ہرادیا، سیمی فائنل میں ان کا مقابلہ ایشین گیمز کی گولڈ میڈلسٹ تھائی پلیئر لوکیسکا کھم کھم سے ہوگا، جنھیں سیکنڈ سیڈ امریکی پلیئر میڈیسن کیز کے انجرڈ ہونے پر آگے بڑھنے کا راستہ مل گیا، میڈیسن ابتدائی سیٹ میں 6-2 سے فتحیاب رہی تھیں جبکہ دوسرے سیٹ میں دستبرداری کے وقت تک انھیں 4-3 کا خسارہ تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں